اتوار,  16 مارچ 2025ء
گورنر پنجاب کا فتح جنگ میں شہداء کے گھروں کا دورہ، اہل خانہ سے اظہار تعزیت

راولپنڈی (شہزاد حسین بھٹی سے) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے تحصیل فتح جنگ کے گاؤں شہراۓ بہادر اور جعفر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے وانا میں پاک فوج کے شہید ہونے والے حوالدار سعید اقبال اور سپاہی باسط علی کے گھروں پر جا کر اہل خانہ سے تعزیت کی۔ گورنر پنجاب نے شہداء کے اہل خانہ سے ملاقات کی، ان کے صبر و حوصلے کو سراہا اور شہداء کی عظیم قربانیوں پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی اور دعا بھی کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پاکستان کے شہداء قوم کا فخر ہیں، اور انہی کی قربانیوں کی بدولت آج ہمارا ملک امن و استحکام کی راہ پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے بہادر جوان دشمن کے ناپاک عزائم کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بنے ہوئے ہیں، اور ہم سب ان کی قربانیوں کے مقروض ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حوالدار سعید اقبال اور سپاہی باسط علی جیسے بہادر سپوتوں نے مادرِ وطن کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، اور ان کی شہادت پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحصیل فتح جنگ کے عوام ہمیشہ سے جذبہ حب الوطنی سے سرشار رہے ہیں، اور یہاں کا ہر نوجوان اپنی سرزمین کے تحفظ کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گا۔

گورنر پنجاب نے شہداء کے اہل خانہ کو یقین دلایا کہ حکومت انہیں تنہا نہیں چھوڑے گی اور ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کے ورثا کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اور انہیں تمام ضروری مراعات فراہم کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج اور عوام ایک ہیں، اور ہم اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ “ہمیں اپنے شہداء پر فخر ہے، اور ان کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔”

مزید پڑھیں: حکومت ختم ہوئی تو سب سے زیادہ نقصان ن لیگ کاہوگا،گورنر پنجاب

گورنر پنجاب نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قوم متحد ہو کر دشمن کے ہر وار کو ناکام بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بقا، استحکام اور ترقی ہمارے بہادر سپاہیوں کی لازوال قربانیوں کی مرہونِ منت ہے، اور پوری قوم اپنے محافظوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

شہداء کے اہل خانہ نے گورنر پنجاب کی آمد پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہیں فخر ہے کہ ان کے بیٹوں نے وطن پر جان قربان کی۔ اس موقع پر فتح جنگ کے عوام کی بڑی تعداد بھی موجود تھی، جنہوں نے شہداء کو خراج تحسین پیش کیا اور پاک فوج کے حق میں نعرے بلند کیے۔

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے آخر میں کہا کہ “ہمیں اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرنا چاہیے، کیونکہ یہی وہ چراغ ہیں جو ہمارے کل کو روشن کر رہے ہیں۔”

مزید خبریں