راولپنڈی (شہزاد حسین بھٹی) پاکستان ریلوے اٹک کے اسٹیشن ماسٹر ملک غلام مصطفیٰ اعوان نے اپنی شاندار خدمات مکمل کرتے ہوئے ریٹائرمنٹ لے لی۔ ان کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر ریلوے ملازمین اور افسران کی جانب سے ایک پروقار اور جذباتی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ان کی خدمات کو بھرپور سراہا گیا اور انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔
تقریب کے دوران ریلوے ملازمین نے ملک غلام مصطفیٰ اعوان کو گلے میں پھولوں کے ہار پہنائے اور انہیں تحائف کے ساتھ یادگاری شیلڈز بھی پیش کیں۔ اس موقع پر ملازمین اور افسران نے ان کے ساتھ گزارے گئے وقت کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ملک غلام مصطفیٰ اعوان نے اپنی مدتِ ملازمت میں دیانتداری، محنت اور لگن سے اپنے فرائض نبھائے اور ہمیشہ ادارے کے وقار کو بلند رکھنے کی کوشش کی۔
ریلوے افسران اور ساتھیوں نے کہا کہ ملک غلام مصطفیٰ اعوان کی خدمات ادارے کے لیے ایک شاندار مثال ہیں اور ان کی محنت کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے نہ صرف اپنے فرائض احسن طریقے سے انجام دیے بلکہ نئے آنے والے ملازمین کے لیے ایک بہترین رہنما بھی ثابت ہوئے۔
تقریب کے اختتام پر اسٹیشن ماسٹر ملک غلام مصطفیٰ اعوان نے اپنے تمام ساتھیوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ ریلوے کے ساتھ گزارے گئے لمحوں کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ انہوں نے نیک تمناؤں کے ساتھ اپنے ساتھیوں کو الوداع کہا اور امید ظاہر کی کہ ریلوے کا ادارہ اپنی ترقی کے سفر کو جاری رکھتے ہوئے اپنا کھویا ہوا وقار دوبارہ حاصل کرے گا۔
یہ تقریب جذباتی لمحوں سے بھرپور رہی، جہاں ساتھیوں نے نم آنکھوں کے ساتھ ملک غلام مصطفیٰ اعوان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ان کے دوستوں اور ساتھیوں نے کہا کہ ان کی کمی ہمیشہ محسوس کی جائے گی، لیکن ان کے لیے دعائیں اور نیک تمنائیں بھیجتے ہیں کہ وہ اپنی زندگی کے نئے سفر میں کامیاب ہوں۔
مزید پڑھیں: راولپنڈی پولیس کا منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن