حافظ آباد (شوکت علی وٹو) ڈپٹی کمشنر حافظ آباد عبدالرزاق نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ کے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت شہر میں صفائی ستھرائی، تجاوزات کا خاتمہ اور گرین بیلٹس کی تزئین وآرائش کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ اس کے علاوہ، ڈسٹرکٹ کمپلیکس میں عوام کے لیے نیا واکنگ ٹریک بھی تیار کیا جا رہا ہے تاکہ شہری سیر و تفریح اور صحت مند سرگرمیوں سے فائدہ اٹھا سکیں۔
ڈپٹی کمشنر نے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت شہر کے مختلف علاقوں میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کا جائزہ لیا اور اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل حمد اللہ اور سی او میونسپل کمیٹی اکرام اللہ سندھو بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے گوجرانوالہ روڈ پر قائم ماڈل ریڑھی بازار کا دورہ کیا اور وہاں صفائی اور تجاوزات کے خاتمے کے حوالے سے جاری آپریشن کا بھی معائنہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر نے میونسپل کمیٹی اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے افسران کو ہدایت کی کہ شہری علاقوں کے ساتھ ساتھ یونین کونسل کی سطح پر بھی صفائی کے نظام کو بہتر بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اہم شاہراؤں اور گرین بیلٹس کی صفائی کا کام مکمل کیا جائے اور جہاں ضرورت ہو، وہاں پودے بھی لگائے جائیں۔
ڈپٹی کمشنر نے ڈسٹرکٹ کمپلیکس میں بنائے جانے والے واکنگ ٹریک کا دورہ بھی کیا اور وہاں تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ واکنگ ٹریک کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ عوام اس سے بھرپور استفادہ کر سکیں۔
مزید پڑھیں: تھیڑز میں بے حیائی اور فحاشی پھلانے کی اجازت نہیں دی جائیگی، پنجاب حکومت کا فیصلہ