راولپنڈی(روشن پاکستان نیوز) موجودہ دور کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے نوجوان نسل کو جدید سکل بیسڈ تعلیم سے آراستہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔ عالمی یوم تعلیم کے موقع پر جوائنٹ ایکشن کمیٹی آف پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشنز کے زیر اہتمام تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں اہم شخصیات نے شرکت کی۔ ممبر قومی اسمبلی ملک ابرار احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے نظام میں مصنوعی ذہانت کو شامل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف اور وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی تعلیمی اصلاحات کو سراہا اور کہا کہ حکومت کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔
سی ای او ایجوکیشن راولپنڈی امان اللہ خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ پنجاب حکومت تعلیمی نظام میں انقلاب لانے کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو فروغ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع راولپنڈی کو پنجاب کا مثالی تعلیمی ضلع بنانے کی کوششیں جاری ہیں اور اس کے لیے 110 تعلیمی اداروں میں تربیتی سینٹرز قائم کیے جا رہے ہیں تاکہ طلباء نہ صرف تعلیم حاصل کریں بلکہ خود انحصار بن سکیں۔
چوہدری ناصر محمود، چوہدری محمد طیب اور دیگر مقررین نے بھی تعلیمی معیار کو بہتر بنانے اور جدید تدریسی طریقوں کے فروغ پر بات کی۔