اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) القادر ٹرسٹ کیس میں فیصلہ آنے کے بعد پاکستان مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں اور شہریوں نے بھرپور جشن منایا۔ پبلک سیکرٹریٹ خداداد ہائیٹس، G-9 مرکز میں لیگی ورکرز اور عام شہریوں کی بڑی تعداد پہنچنا شروع ہو گئی، جہاں ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے گئے اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔
رکن قومی اسمبلی انجم عقیل خان بھی اس موقع پر پہنچے اور شرکاء سے خطاب کیا۔ انجم عقیل خان نے اس فیصلے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ القادر ٹرسٹ اور 190 ملین پاؤنڈ کا کیس ایک “اوپن اینڈ شٹ کیس” تھا، جس میں سزا کا آنا طے تھا۔ “اس میں تو سزا ہونی ہی تھی”، انجم عقیل خان نے کہا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم کو اب اصل چور کا علم ہو چکا ہے، جو بے نقاب ہو چکا ہے۔ “عوام عمران خان کی حقیقت سے آگاہ ہو چکے ہیں۔ فرح گوگی اور بشری بی بی نے لوٹ مار کا بازار گرم کر رکھا تھا۔ القادر ٹرسٹ کیس اور پراپرٹی ٹائیکون سے کمیشن کی مدد میں ہیرے کی انگوٹھیاں تک وصول کی گئیں”، انجم عقیل خان نے انکشاف کیا۔
مزید پڑھیں: 190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ سنا دیا گیا، عمران خان کو 14 سال اور بشریٰ بی بی کو 7 سال کی سزا
یہ موقع جشن اور جوش و خروش کا تھا، جہاں لیگی کارکنوں نے اپنی جماعت کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا۔ انجم عقیل خان کے خطاب نے شرکاء میں مزید جوش و جذبہ پیدا کر دیا، اور انہوں نے وعدہ کیا کہ مسلم لیگ (ن) عوام کی خدمت کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔