اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز ) سی ڈی اے ریفرنڈم کے حوالے سے قومی صنعتی تعلقات کمیشن (NIRC) کے مجاز آفیسر محمد شفیق نے تاریخ کا اعلان کر دیا ہے۔ ریفرنڈم کے لیے پولنگ 6 فروری بروز جمعرات ہوگی، جس میں تقریباً 11,900 سی ڈی اے ملازمین اجتماعی سودے کاری ایجنٹ کے انتخاب کے لیے اپنے ووٹ کا حق استعمال کریں گے۔
ریفرنڈم کے حوالے سے گزشتہ روز مجاز آفیسر نے سی ڈی اے مزدور یونین کو چاند ستارہ، سی ڈی اے ورکرز فیڈریشن کو سبز پرچم، سی ڈی اے لیبر یونین کو شاہین اور سی ڈی اے ایمپلائز یونین کو ببر شیر کے انتخابی نشان الاٹ کیے تھے۔ اس موقع پر سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین، صدر اورنگزیب خان، چیئرمین راجہ شاکرزمان کیانی، سپریم ہیڈ مرزا سعید اختر، ایڈیشنل جنرل سیکرٹری سردار نسیم ممتاز اور دیگر عہدیداران نے کہا کہ سی ڈی اے مزدور یونین نے سی ڈی اے میں سی بی اے کی مدت ختم ہونے کے بعد این آئی آر سی میں ریفرنڈم کو چیلنج کیا تھا، جس پر آج فاضل عدالت کے مقرر کردہ مجاز آفیسر نے کارروائی مکمل کرکے ریفرنڈم کی تاریخ کا اعلان کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے کا مزدور آج بآ شعور ہو چکا ہے اور آئندہ ریفرنڈم میں اپنے اور اپنے بچوں کے بہتر مستقبل کے لیے اہل قیادت کا انتخاب کرے گا۔ ہم انشاء اللہ مزدور کے ووٹ کی طاقت سے مزدور دشمن ٹولوں اور منفی سیاست کرنے والوں کو عبرتناک شکست سے دوچار کریں گے۔
مزدور یونین کے عہدیداران نے اپنے ورکروں سے کہا کہ وہ اپنی تنظیم کی کامیابی کے لیے دن رات محنت کریں تاکہ انشاء اللہ ریفرنڈم میں کامیابی کے بعد ملازمین کے دیگر مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرایا جا سکے۔
مزید پڑھیں: سی ڈی اے مزدور یونین سی بی اے کمیٹی کا مشاورتی اجلاس، چوہدری محمد یاسین گروپ پر اعتماد کا اظہار