اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) اعوان فاؤنڈیشن ایک ویلفیئر ادارہ ہے جو مذہبی، نسلی، اور سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر علاقے کی تعمیر و ترقی کے لیے کام کر رہا ہے۔ یہ بات معروف سیاسی و سماجی شخصیت سابق سینئر بیوروکریٹ ملک مشتاق احمد آف کوٹ قاضی نے چائلڈ سپیشلسٹ ڈاکٹر ارشد ملک کی رہائش گاہ پر بروز جمعہ 3 جنوری 2025 کو منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
ملک مشتاق احمد نے بتایا کہ اعوان فاؤنڈیشن کی بنیاد 1992 میں رکھی گئی تھی، جس کا مقصد علاقے میں تعلیم کے شعبے کو جدید بنیادوں پر استوار کرنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ الحمدللہ، اس منصوبے میں کافی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے ملک ظہور انور اعوان مرحوم اور انجینیئر ملک لیاقت مرحوم کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی کاوشوں کی بدولت یہ تنظیم ایک تحریک کا روپ اختیار کر چکی ہے۔
ملک مشتاق احمد نے مزید کہا کہ اعوان فاؤنڈیشن کے تحت اعوان اکیڈمی آف ایکسیلنس کے پلیٹ فارم سے ونہار، پچنند، لاوا اور ٹمن میں تعلیمی ادارے قائم کیے گئے ہیں، جہاں او لیول اور اے لیول کی تعلیم انتہائی مناسب فیسوں پر فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 1992 میں جب یہ تعلیمی پروجیکٹ شروع کیا گیا تو تلہ گنگ اور لاوا میں انگلش میڈیم تعلیمی اداروں کا کوئی وجود نہیں تھا، مگر آج یہ ادارے علاقے کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
اجلاس میں سابق بیوروکریٹ اور ممتاز سماجی شخصیت سعید اختر ملک، ڈاکٹر ارشد ملک، ملک ضمیر اعوان، ملک عابد (سی ای او سکا پٹرولیم)، ملک سہیل اعوان، میاں محمد اکرم اعوان، کرنل (ر) تیمور سلطان سرخرو اعوان، ملک حشمت عباس، ملک صفدر علی اعوان، ایم پی اے ملک فلک شیر اعوان، اور چوہدری غلام ربانی نے بھی خطاب کیا اور اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
اس موقع پر اجلاس میں نئے عہدیداروں کا انتخاب کیا گیا اور تعلیمی شعبے میں بالخصوص انفارمیشن ٹیکنالوجی کے حوالے سے ایک لائحہ عمل تیار کیا گیا تاکہ تمام تعلیمی اداروں میں آئی ٹی کی جدید سہولیات فراہم کی جا سکیں اور تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنایا جا سکے، تاکہ فارغ التحصیل طلباء و طالبات معاشرے کے لیے سودمند ثابت ہو سکیں۔