حافظ آباد (شوکت علی وٹو) ڈپٹی کمشنر حافظ آباد عبدالرزاق نے رات گئے مختلف ہسپتالوں کا اچانک دورہ کیا اور وہاں مریضوں کو فراہم کی جانے والی علاج معالجہ کی سہولتوں، ادویات کی مفت فراہمی، سٹاف کی حاضری اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ٹی ایچ کیو ہسپتال پنڈی بھٹیاں اور رورل ہیلتھ سنٹر جلالپور بھٹیاں کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے مریضوں سے فیڈ بیک لیا اور ہسپتال کے مختلف شعبوں کی صفائی ستھرائی کی صورتحال کا معائنہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق نے شہر کے گنجان آباد علاقے علی پور روڈ اور محلہ کشمیر نگر کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے صفائی ستھرائی اور سیوریج نظام کا جائزہ لیا۔ ان کے ہمراہ ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل حمد اللہ، سی او ایم سی اکرام اللہ سندھو اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے ایم سی اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے افسران کو ہدایت کی کہ وزیر اعلیٰ کے ستھراء پنجاب پروگرام میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ علی پور روڈ اور شہر کے دیگر علاقوں میں صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے اور سیوریج سسٹم کی بہتری کے لیے اقدامات کیے جائیں تاکہ عوامی شکایات کا ازالہ ہو سکے۔
مزید پڑھیں: حافظ آباد پولیس کی جرائم پیشہ افراد کے خلاف کامیاب کارروائیاں، ریکارڈ ریکوری جاری
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ صفائی اور نکاسی آب کے مسائل پر عوامی شکایات کا کوئی سوال نہیں اٹھنا چاہیے اور یہ انتظامات فوری طور پر بہتر کیے جائیں۔