هفته,  04 جنوری 2025ء
حافظ آباد: مرغی کے گوشت اور انڈوں کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، ڈپٹی کمشنر کا اعلان

حافظ آباد (شوکت علی وٹو) – ڈپٹی کمشنر حافظ آباد نے کہا ہے کہ مرغی کے گوشت اور انڈوں کو مقررہ قیمتوں سے مہنگے داموں فروخت کرنے والے دوکانداروں کے خلاف بلا تفریق سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے تمام دوکانداروں کو ہدایت کی کہ وہ محکمہ لائیو سٹاک اور مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ نرخوں کے مطابق مرغی کے گوشت اور انڈوں کی فروخت کو یقینی بنائیں۔ بصورت دیگر خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے اور مقدمات بھی درج کرائے جائیں گے۔

ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت محکمہ لائیو سٹاک کے افسران اور پولٹری ایسوسی ایشن کے نمائندوں کا اجلاس ہوا جس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر لائیق احمد، ڈائریکٹر ڈاکٹر وحید احمد اور پولٹری ایسوسی ایشن کے ضلعی صدر اور جنرل سیکرٹری نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے اس بات پر زور دیا کہ موسم سرما میں انڈوں کو مقررہ قیمتوں سے زائد داموں پر فروخت کرنے کی کسی کو بھی اجازت نہیں ہوگی اور انڈوں کی فروخت کو مارکیٹ کمیٹی اور لائیو سٹاک کے جاری کردہ نرخوں کے مطابق یقینی بنایا جائے۔

مزید پڑھیں: حافظ آباد پولیس کی جرائم پیشہ افراد کے خلاف کامیاب کارروائیاں، ریکارڈ ریکوری جاری

انہوں نے پولٹری ایسوسی ایشن کے نمائندوں کو بھی ہدایت کی کہ وہ مرغی کے گوشت اور انڈوں کی فروخت کو سستے داموں یقینی بنائیں اور کاروبار میں جائز منافع حاصل کریں۔ ڈپٹی کمشنر نے یہ بھی کہا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور محکمہ لائیو سٹاک کے افسران ان دنوں مارکیٹوں اور بازاروں کا مسلسل دورہ کریں اور اگر کسی جگہ خلاف ورزی پائی جائے تو فوری اور سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

مزید خبریں