چکوال(روشن پاکستان نیوز) پنجاب کی ترقی کے عزم کو مدنظر رکھتے ہوئے، محترمہ مریم نواز شریف کی خصوصی گرانٹ سے ایک اہم ترقیاتی منصوبے کا آغاز کیا گیا ہے۔ منصوبہ “سڑک للیاندی تا ارڈ مغلاں بمعہ پل نالہ للیاندی” کی تعمیر کے لیے منظور کیا گیا ہے، جس کی تخمینہ لاگت 150.591 ملین روپے ہے۔
یہ منصوبہ خطے میں عوام کی سفری سہولیات کو بہتر بنانے اور مقامی ترقی کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم اقدام ہے۔ اس منصوبے کا سنگ بنیاد آج بروز ہفتہ 25 دسمبر 2024 کو ایڈووکیٹ راجہ ضمیر الدین احمد (اسسٹنٹ اٹارنی جنرل پاکستان) نے اپنے دست مبارک سے رکھا۔
تقریب کے دوران مقررین نے اس منصوبے کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ یہ پل اور سڑک علاقے کے عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ تجارت اور کاروبار کے لیے بھی ایک نیا راستہ کھولے گا۔
مزید پڑھیں: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا صوبے میں ایک ہفتے کے دوران تجاوزات ختم کرنے کا ہدف
راجہ ضمیر الدین احمد نے اپنی تقریر میں محترمہ مریم نواز شریف کی عوامی خدمات اور ترقیاتی منصوبوں کے عزم کو سراہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف عوام کی زندگیوں میں آسانیاں لائے گا بلکہ علاقائی ترقی کا سبب بھی بنے گا۔
علاقے کے عوام نے اس منصوبے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے حکومت پنجاب کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ ایسے ترقیاتی کام خطے کو مزید ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔