منگل,  19 نومبر 2024ء
اسلام آباد میں سی ڈی اے اور ہاؤسنگ فاؤنڈیشن سے متعلق کھلی کچہری، ارکان پارلیمنٹ نے مقامی مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرادی

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) اسلام آباد کے اراکین پارلیمنٹ نے سی ڈی اے اور ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کے متاثرین کے مسائل کے حل کے لیے ایک کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ خداداد ہائیٹس میں منعقد ہونے والی اس تقریب میں رکن قومی اسمبلی انجم عقیل خان، ایم این اے چیف وہیپ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور ایم این اے ملک ابرار احمد نے شرکت کی اور مقامی عوام کے مسائل سن کر ان کے حل کے لیے بھرپور عزم کا اظہار کیا۔

کھلی کچہری میں اسلام آباد کے مختلف سیکٹرز سے متاثرین نے سی ڈی اے اور ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کے حوالے سے اپنے مسائل اراکین پارلیمنٹ کے سامنے رکھے۔ اس موقع پر اراکین پارلیمنٹ نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد کے مقامی لوگوں کے مسائل کے حل کے لیے اپنی بھرپور کوششیں جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔

انجم عقیل خان نے کہا کہ “ہم اسلام آباد کے متاثرین کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں۔ یہاں کے لوگ 1968 اور 1982 سے سی ڈی اے کی جانب سے ان کے حقوق کی تکمیل کا انتظار کر رہے ہیں۔ ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ سی ڈی اے بورڈ کے حالیہ فیصلے پر کسی صورت عملدرآمد نہ ہو۔” انہوں نے مزید کہا کہ “اسلام آباد میں سی ڈی اے سے متعلق نئی قانون سازی کی اشد ضرورت ہے تاکہ مقامی زمینداروں کو جن کی زمینیں ایکوائر کی گئیں، فوری حقوق اور واجبات مل سکیں۔”

انجم عقیل خان نے یہ بھی کہا کہ “سی ڈی اے چیئرمین ایک اچھے انسان ہیں اور انہوں نے متاثرین اسلام آباد کے مسائل کے حل کے لیے مشاورت کی یقین دہانی کرائی ہے۔ انشاء اللہ ہم اپنے ساتھیوں ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، راجہ خرم نواز اور ملک ابرار احمد کے ساتھ مل کر اسلام آباد کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کریں گے۔”

ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے اس موقع پر کہا کہ “اسلام آباد کے مسائل اب آٹھ وزارتوں سے جڑے ہوئے ہیں۔ ہم ان مسائل کو ایک ہی چھت کے نیچے حل کرنے کے لیے اسلام آباد کونسل یا کسی ایک اتھارٹی کے تحت لے کر آئیں گے تاکہ تمام مسائل کا حل فوری اور جامع ہو سکے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ “اسلام آباد سی ڈی اے کے متاثرین کے تمام مسائل حل کرنے کے لیے ہم نے پہلے بھی ان کی آواز قومی اسمبلی تک پہنچائی ہے اور انشاء اللہ آئندہ بھی یہ مسائل حل کیے جائیں گے۔”

مزید پڑھیں: اراکین پارلیمنٹ کی چیئرمین سی ڈی اے سے ملاقات، اسلام آباد کے مسائل کے حل کے لیے اہم اقدامات پر بات چیت

ملک ابرار احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ “ہم سب یہاں موجود ہیں تاکہ سی ڈی اے اور ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کے متاثرین کے تمام مسائل حل کیے جا سکیں۔ جلد ہی اسلام آباد کے مکینوں کے لیے ایک جامع پروگرام متعارف کرایا جائے گا۔”

کھلی کچہری میں اسلام آباد کے مختلف سیکٹرز سے بڑی تعداد میں متاثرین نے شرکت کی اور اراکین پارلیمنٹ سے اپنے مسائل کے حل کی امید ظاہر کی۔ اراکین پارلیمنٹ نے اس موقع پر یقین دہانی کرائی کہ وہ مقامی لوگوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے اور اسلام آباد کے شہریوں کے لیے مزید اقدامات اٹھائیں گے۔

اس کھلی کچہری کا انعقاد اسلام آباد میں سی ڈی اے اور ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کے متعلق مسائل کے حل کے لیے ایک اہم قدم ثابت ہوا ہے، جس سے مقامی عوام میں امید کی نئی کرن پیدا ہوئی ہے۔

مزید خبریں