اسلام آباد ( روشن پاکستان نیوز) شیعہ علماء کونسل پاکستان مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے استور میں آنے والے حالیہ سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ گاؤں اور علاقوں کی صورتحال بارے گلگت بلتستان کے اسلامی تحریک پاکستان کے مرکزی و صوبائی رہنماؤں کو خصوصی ہدایات جاری کی ہیں۔
اس سلسلے میں مشیر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اسلامی تحریک پاکستان محمد علی قائد استور کے متاثرہ علاقوں میں پہنچے، انہوں نے استور کے موجودہ حالات اور ان کے حل کے سلسلے میں وہاں موجود علاقہ کے معزز عمائدین اور متاثرہ خاندانوں سے ملاقاتیں کیں ہیں، دو ہفتوں کے دوران وقفے وقفے سے مختلف علاقوں کشنت، پکورہ، بولان، فینا، روپال اور عید گاہ استور میں ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ کے نقصان کا بھی جائزہ لیا۔
عوام کو فوری ریلیف کی فراہمی کے لیے متعلقہ حکومتی اداروں کو بھی نگرانی اور فوری انتظامات بارے ہدایات جاری کیں ہیں، تاکہ مختلف گاؤں میں لینڈ سلائیڈنگ سے ہونے والے شدید نقصان کا ازالہ کیا جا سکے، جس میں باغات، فصلوں، مال مویشی اور گھروں سمیت سکولوں کی عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے جس سے تدریسی عمل میں بھی خلل آیا ہے اور دو قیمتی جانوں کا نقصان بھی ہوا ہے۔