ارشد ندیم کا پیرس اولمپکس میں پاکستان کے لیے انفرادی طور پر گولڈ میڈل جیتنا لائق تحسین اور قابلِ رشک ہے،شبیر میثمی

اسلام آباد ( روشن پاکستان نیوز) شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ارشد ندیم کے عکس اور جدوجہد سے پاکستانی کھیلوں کو ایک نئی روح اور جہت مل گئی ہے، امید ہے دیگر کھیلوں کے کھلاڑی بھی اس شاہین کی انتھک محنت اور طویل جدوجہد سے درس لیتے ہوئے اپنے کھیل میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔

ارشد ندیم کا پیرس اولمپکس میں پاکستان کے لیے انفرادی طور پر گولڈ میڈل جیتنا لائق تحسین اور قابلِ رشک ہے، جس نے پاکستانی قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے، یہ کارنامہ پاکستان کے مستقبل کے لیے خیر وبرکت کا باعث ہے۔

تم ہی ملک و ملت کی شان اور عزت و وقار ہو، یقیناً ارشد ندیم کی یہ شاندار کامیابی جیت کی لگن، عزم اور جہد مسلسل کا نتیجہ ہے، یہ تاریخ ساز کامیابی پاکستانی جوانوں کے لیے مشعلِ راہ اور ہمت و حوصلے کا باعث ہے۔

مزید خبریں