اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)نیشنل پریس کلب کی گورننگ باڈی کا اجلاس صدر اظہر جتوئی کی سربراہی میں منعقد ہوا۔ تلاوت کلام پاک کے بعد اجلاس کی نظامت کرتے ہوئے سیکریٹری این پی سی نیّرعلی نےگورننگ باڈی ممبران کو ایجنڈے سے متعلق آگاہ کیا۔
ممبران کی تجاویز کی روشنی میں نیشنل پریس کلب کی انتظامی کمیٹیوں کی تشکیل کو حتمی شکل دی گئی اور اجلاس میں راولپنڈی کیمپ آفس کمیٹی،ڈسپلن اینڈ سیکیورٹی کمیٹی، اسکروٹنی کمیٹی، ڈیجیٹلائزیشن کمیٹی، ایجوکیشن کمیٹی، ادبی کمیٹی، کیفےٹیریا مینجمنٹ کمیٹی، آؤٹ سورس کمیٹی، سپورٹس کمیٹی، کشمیر افیئرز کمیٹی، کلچرل کمیٹی، ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کمیٹی، آئینی کمیٹی، ایونٹ مینجمنٹ کمیٹی، انشورنس اینڈ ہیلتھ کارڈ کمیٹی، اینٹی حراسمنٹ کمیٹی اور میڈیا کوریج کوارڈینیشن کمیٹی کے سربراہان اور ممبران کے ناموں کو فائنل کرکے فوری نوٹس جاری کرنے کافیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں کمیٹی سربراہان کو بتایا گیا کہ ایک ہفتے کے اندر اپنی کمیٹی کے قوائد و ضوابط بناکر جمع کرائیں اور ہر کمیٹی سربراہ ماہانہ بنیادوں پر تحریری عملدرآمد وکارکردگی رپورٹ سیکریٹری این پی سی کو جمع کرانے کا پابند ہوگا۔
باڈی ارکان کی جانب سے این پی سی کے انتظامی معاملات خصوصا کچن اور کیفے ٹیریا کےحوالے سے ممبران کی سہولت کو مدنظررکھتے ہوئے مذید بہتر اور معیاری بنانے کےلئے موثر اور قابل عمل تجاویز دی گئی۔
اجلاس میں کیفے ٹیریا آؤٹ سورس کرنےکے حوالے سے پیشرفت پر تفصیلی بحث ہوئی۔ فیصلہ کیا گیا کہ کیفے ٹیریا آؤٹ سورسنگ کےلئےگورننگ باڈی کے تمام ارکان پر مشتمل کمیٹی ہوگی۔
گورننگ باڈی نے آؤٹ سورسنگ کے عمل کو شفاف بنانے کےلئے اخبارات میں اشتہارکی منظوری دیتےہوئے اس عمل کو جلدازجلد مکمل کرنے کا فیصلہ بھی کیا۔اجلاس کوبتایا گیا کہ گذشتہ گورننگ باڈی اجلاس کے فیصلے کی روشنی میں پریس کلب کے بنے یوٹیلٹی اسٹور کو ختم کرنے کےلئے حتمی نوٹس دے دیا گیا ہے اور جلد خالی کرالیا جائیگا۔
اجلاس میں سیکریٹری فنانس وقار عباسی نے کلب کے مالیاتی معاملات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس کے دوران مختلف شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کہ واضح نوٹس جاری کیا جائے کہ کسی بھی پریس کلب کونیشنل پریس کلب کا نام یا لوگو استعمال کرنےکی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ کسی بھی این پی سی کے ممبر یا نان ممبر کی جانب سے خلاف ضابطہ نیشنل پریس کلب یا گورننگ باڈی کے منتخب عہدے داروں کانام استعمال کرنے پرسخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔
اجلاس میں نیشنل پریس کلب کی ساکھ کو نقصان پہنچانے، بغیرثبوت الزامات، ڈسپلن کو ثبوتاژ کرنےوالے ممبران کی ممبرشپ معطل یا منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں گورننگ باڈی نے این پی سی میں ہونےوالے ایونٹس اور پریس کانفرنسز کی آفیشل کوریج کو بہتر اورجدید ڈےجیٹل دور سے ہم اہنگ بنانے کےلئے استعداد کار بڑھانے کی منظوری دی۔
اجلاس میں صدر اظہر جتوئی کے گذشتہ دنوں وفات پانے والےوالد اوراہلیہ سمیت دیگر دار فانی سے کوچ کرنےوالے ممبران و فیملی کیلئے فاتحہ خوانی بھی کرائی گئی۔