بدھ,  30 اکتوبر 2024ء
اسرائیل کی یمن پر سفاکیت اس کی بوکھلاہٹ کا منہ بولتا ثبوت ہے،شبیر میثمی

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے اپنے بیان میں یمن پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کی غزہ کے بعد یمن پر سفاکیت اس کی بوکھلاہٹ کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ یمنی ڈرونز کا اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب پر حملہ اس کی موت کے مترادف ہے، یمن کے باایمان و پابرہنہ کلمہ گو مسلمانوں نے اپنے فلسطینی بھائیوں کی خلوص کے ساتھ عملاً مدد کی ہے اور دنیا کی کسی بدمست طاقت سے نہیں گھبرائے کیونکہ ان بہادر مجاہدین کا بھروسہ صرف اور صرف اپنے خدا پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ غزہ کے بعد لبنان اور یمن پر ہونے والی اسرائیلی جارحیت پر مسلم حکمرانوں کی مجرمانہ خاموشی انتہائی شرمناک ہے، غزہ کے نہتے مظلومین نے اسرائیلی گھمنڈ توڑ دیا ہے، یمنی عوام بھی اسرائیل سمیت اس کے سرپرستوں امریکہ و برطانیہ کے تمام تر ناپاک عزائم خاک میں ملا دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی داخلی و خارجی صورتحال سے واضح ہے کہ ناجائز صہیونی ریاست کا وجود اپنی نابودی کی طرف تیزی سے بڑھ رہا ہے اور اس کا تمام تر ظلم وبربریت کے باوجود تباہی سے بچنا ناممکن ہے۔

مزید خبریں