جمعه,  05 جولائی 2024ء
مسلسل ساتویں بار کامیابی پر ورکرزکے مشکور ہیں ، راجہ سلیم

اسلام آباد (سدھیرکیانی) اتحاد یونین آف آل پاکستان او جی ڈی سی ایل ایمپلائز کی نو منتخب باڈی کا پہلاجنرل باڈی اجلاس او جی ڈی سی ایل ہیڈ آفس بلیو ایریا اسلام آباد مین نو منتخب صدر راجہ سلیم کی زیر صدارت منعقد ہوا۔

اجلاس میں ہزاروں ورکرز نے شرکت کی،جنرل باڈی اجلاس میں چیئرمین الیکشن کمیٹی حارث قریشی نے 28 جون 2024ء کو ہونے والے انتخابات کے حوالے سے رپورٹ پیش کی اور اجلاس کے شرکاء سے انتخابات کی منظوری لی،اجلاس سے نومنتخب صدر راجہ سلیم نے خطاب کرتے ہوئے ورکرز کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہوں نے انہیں اور انکی ٹیم کومسلسل ساتویں باربھاری اکثریت سے کامیاب کروایا ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہم آپکے اس اعتماد پر پورا اترنے کی پوری کوشش کرینگے،اس موقع پر نو منتخب جنرل سیکرٹری اسفند یار نے اجلاس سے اپنے خطاب میں کہا کہ ورکرز کا ہم پر اعتماد ہمارے لئے باعث فخر ہے اور ہم اس فخر کو ورکرز کی بھلائی اور فلاح کیلئے استعمال کرینگےاور انکے مسائل کو پورے تندہی سے حل کرنے کیلئے سنجیدہ کوششیں کرینگے۔

جنرل باڈی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نومنتخب فنانس سیکرٹری سید اعجاز حسین بخاری نے کہا کہ ورکرز نے ہمیں تاریخی کامیابی سے ہمکنار کیا ہے جس کیلئے ہم انکے مشکور ہیں،ہم ورکرز کے حقوق کا تحفظ یقینی بنائیں گےاور اس پر کبھی بھی کوئی سودے بازی نہیں کرینگے،ورکرز کی پرموشن، کیپینگ اور دیگر مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرینگے۔

اجلاس سے مختار راٹھور، راجہ ایوب، شرافت اللہ خان ، سردار عمران،فرید خٹک، ملک اقبال، بابر حکیم،اور دیگر نومنتخب عہدیداران نے بھی خطاب کیا، اجلاس میں انتظامیہ افسران ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایچ آر،جنرل منیجر ایچ آر سمیت دیگر افسران نے یونین عہدیداروں کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔

مزید خبریں

FOLLOW US

Copyright © 2024 Roshan Pakistan News