جمعه,  25 اکتوبر 2024ء
عزاداری سید الشہداء کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا، علامہ شبیر میثمی

اسلام آباد (سدھیرکیانی) شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے علماء وذاکرین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اہلبیت ع کے گھرانے کا پیغام صرف اور صرف محبت کا پیغام ہے، کربلا کا پیغام امر و نھی عن المنکر کا پیغام ہے، ہماری عزاداری کی مجالس و محافل کربلا والوں کی سیرت و کردار کے فروغ کا باعث ہونی چاہئیں، تعلیمات محمد و آل محمد علیہم السلام کی روشنی میں ہمیں معاشرے کی اصلاح و تربیت جیسے عظیم ترین فریضہ کو انجام دینے کے لیے کوشاں رہنا چاہیے۔

آپ سب نے اس کانفرنس میں بھرپور شرکت کر کے بیداری کا ثبوت دیا ہے، عزاداری سید الشہداء کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی کسی قسم کی قدغن قبول ہے، محرم الحرام کسی مسلک کے خلاف نہیں بلکہ طاغوت و یزیدیت کے خلاف تحریک کا نام ہے، مشکلات و رکاوٹیں بہت ہیں لیکن مقصد امام حسین اور راہ کربلا کے ماننے والے ان مزموم ہتھکنڈوں کو قطعاً خاطر میں نہ لائیں، محرم الحرام ہمیں امن وسلامتی اور باہمی بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ تحریک کربلا کا بنیادی مقصد ظلم کے نظام کا خاتمہ اور اس کی جگہ عادلانہ نظام اسلام کا قیام تھا جو کہ کل انبیاء علیھم السلام کی سنت تھی،عوام کے ساتھ ظلم کیا ہے، ہمیں ظلم کے خلاف کھڑا ہونا اور مظلوموں کا ساتھ دینا ہے، عالمی استعمار دین اسلام کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے۔

غزہ کے معصوم و مظلوم عوام کے لیے صدائے احتجاج بلند کرنا درس کربلا ہے، خاندان عصمت وطہارت کی اس عظیم قربانی کو کل انسانیت کے لیے ایک قابل عمل نمونہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وقت کے یزیدوں کی اطاعت وفرمانبرداری کی بجائے ان کے خلاف اعلان جنگ ہی امام علیہ السلام کا آفاقی پیغام تھا جو تاقیامت زندہ رہے گا، امام حسین علیہ السلام نے ہمیں ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا درس دیا ہے، امام حسین علیہ السلام کی قربانی رہتی دنیا تک حق کو بلند اور باطل کو بے نقاب کرتی رہے گی۔

مزید خبریں