بدھ,  12 نومبر 2025ء
پاکستان اس وقت بدترین معاشی صورتحال سے گزر رہا ہے،خورشید برلاس

اسلام آباد (سدھیرکیانی) پاکستان ایسوسی ایشن آف ایگزی بیشن انڈسٹری کے بانی چیئرمین محمد خورشید برلاس نے اپنے خصوصی انٹرویو میں کہا ہے کہ اس میں کوئی دو رائے نہیں ہے کہ ملک پاکستان اس وقت بدترین معاشی صورتحال سے گزر رہا ہے آئی ایم ایف کی طرف سے لاگو ہونیوالی شرائط پیداواری صلاحیت میں کمی اور دیگر وجوہات کی بنا پر معاشی صورت حال زیادہ مناسب نہیں ہے۔

تاہم مہنگائی میں بتدریج کمی، ڈالر کے ریٹ میں استحکام، اسٹاک ایکسچینج میں بہتری یہ مثبت اعشاریے ہیں ہمیں معاشی صورتحال کو مستقل بنیادوں پر بہتری کے لئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کی طرف جانا ہوگا کیونکہ حکومت کا کام بزنس کرنا نہیں ہوتا، حکومتیں سہولت کار ہوا کرتی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ کاروباری میدان میں بناء جانے والی تمام ہی پالیسیاں اسٹیک ہولڈرز اور شعبے کے ماہرین کے ساتھ ملکر بنانا ہونگی۔

اندرونی اور بالخصوص بیرونی سرمایہ کاری کے لئے ساز گار ماحول فراہم کرنا ہوگا۔ تب جا کر ہمیں مطلوبہ نتائج مل سکیں گے۔ محمد خورشید برلاس کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں دنیا بھر میں اپنے ملک کا مثبت امیج اجاگر کر ہوگا ہم ذاتی حیثیت میں اس کے لئے کوشاں ہیں ہم مختلف ممالک میں انوسٹرز کی توجہ پاکستان کی جانب مبذول کروانے میں اپنا کردار اد اکر رہے ہیں۔ جدہ میں ہماری ایک کانفرنس میں 19 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری حاصل ہوئی۔ہم بھرپور ہوم ورک کے ساتھ کام کرتے ہیں ٹارگٹس سلیکٹ کرتے ہیں ریسرچ کرتے ہیں انوسٹرز سے رابطے کرتے ہیں ،سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھنے والے افراد کو معلومات دیتے ہیں۔

تب جا کر مطلوبہ نتائج حاصل ہوتے ہیں۔ پڑوسی ممالک کے ساتھ ہمیں سرمایہ کاری کو آگے بڑھانا ہوگا اس ضمن میں حکومت کو چاہئے کہ کسی بھی ملک میں اگر کوئی بھی سرمایہ کاری کانفرنس کا انعقا دکیا جائے۔ تو اس کو فالو اپ بہت ضروری ہوتا ہے۔بعض اوقات صرف اس وجہ سے ہمیں نتائج نہیں ملتے کہ ہم کوئی بھی ایونٹ کرکے بھول جاتے ہیں اور پھر فالو اپ نہیںکرتے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے ٹارگٹس سیٹ کرنا ہونگے ایجوکیشن، سول ایوی ایشن، میڈیکل ، ٹور ازم اور بہت سارے ایسے شعبے ہیں جن کی جانب انوسٹرز کی توجہ مبذول کرائی جاسکتی ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پڑوسی ملک بھارت میںمعاشی صورتحال کو بہتر دیکھا جاتا ہے۔اس میں میڈیا کا اہم ترین کردار ہے ان کا میڈیا حکومت کے ساتھ کھڑا ہے ،بدقسمتی سے ہمارے ہاں میڈیا اس طرح کا مثبت کردار ادا نہیں کر رہا ہوتا، ہم چوبیس گھنٹے میڈیا پر سیاست کو اور وہ بھی اندرونی سیاست کو ہی ڈسکس کرنے کے لئے میڈیا کا کلیدی کردار ہونا چاہئے۔ اس ضمن میں انفارمیشن منسٹری کو بھی اپنا رول پلے کرنا چاہئے۔ ریسرچ کرنے والوں سے آراء لی جائیں کامیاب لوگوں کے تجربے سے استفادہ حاصل کیا جانا چاہئے۔

پالیسی ساز جب بھی پالیسیاں بنائیں تو شعبے کے ایکسپرٹس سے ضرور مشاورت کر یں۔ وہ لوگ بہتر رائے دے سکتے ہیں ۔ دور رس نتائج کے لئے ہمیں اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کام کرنا ہوگا۔ محمد خورشید برلاس کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک ایسا ملک ہے جہاں بہت زیادہ پوٹینشل ہے سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع ہیں یہاں پر ہمیں صرف اپنے ملک کا بہترامیج دنیا کو دکھانے کی ضرورت ہے یہ ساری چیزیں ہوں تو دنیا بھر کے سرمایہ کار یہاں آسکتے ہیں اس حوالے سے ہماری ذاتی حیثیت میں کی جانیوالی کاوشیں ضرور رنگ لا رہی ہیں۔ لیکن اس کے لئے حکومتی سرمایہ بھی ضروری ہے ۔

مزید خبریں