پیر,  16  ستمبر 2024ء
اسرائیل کے انسانیت سوز مظالم پر مسلم دنیا کی مجرمانہ خاموشی شرمناک ہے ،علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی

اسلام آباد (سدھیرکیانی) شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل غزہ میں نہتے فلسطینیوں کا قتلِ عام کر رہا ہے، سولہ ہزار معصوم بچوں سمیت چالیس ہزار نہتے فلسطینی شہید کیئے جا چکے ہیں، اس انسانیت سوز ظلم وبربریت پر خاموشی شرمناک ہے، عالمی عدالتیں ہوں یا عالمی طاقتیں منافقت کی اعلیٰ مثالیں قائم کرنے میں اپنا کوئی ثانی نہیں رکھتیں۔

دورِ حاضر میں اپنے ہی پرانے ریکارڈ توڑ رہی ہیں جن کے لئے انہیں ساری دنیا کے سامنے مگر مچھ کے آنسو بھی بہانے پڑ رہے ہیں، دنیا تو اپنی انتہائی بے حسی کا مظاہرہ کر رہی ہے، اصل بے حسی مسلم ممالک کی ہے جو اپنے انبیاء کی مقدس سرزمین کی بقاء اور قبلہء اول کی آزادی کیلئے کچھ کرنے میں بری طرح ناکام رہے ہیں، یہاں تک کے کوئی بیان دینے کیلئے بھی تیار نظر نہیں آتا۔انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں نے اسرائیلی سفاکیت کے باوجود اس کے سامنے ہار نہیں مانی لیکن مسلم حکمرانوں کو غیرتِ ایمانی کا ثبوت دیتے ہوئے اسرائیل کو دو ٹوک الفاظ میں کھلم کھلا خون کی ہولی کھیلنے سے روکنا چاہیے تھا، زخموں سے چور بے یار و مددگار بچوں اور خواتین پر شب و روز بارود کی بارش ہو رہی ہے۔

آٹھ ماہ سے جاری ان وحشیانہ کارروائیوں اور ہولناکیوں پر اقوام متحدہ اور عالمی انسانی حقوق کے اداروں کی مجرمانہ خاموشی اختیار کرنا انتہائی شرمناک ہے، اب تو اسرائیل نے غزائی اشیاء کی کمی کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا شروع کر دیا ہے، فلسطینی مظلومین پر ہونے والے بے تحاشا مظالم کی رات جلد چھٹ جائے گی لیکن اس سے کئی مسلم حکمرانوں کے منہ پر چڑھے دو رنگی کے نقاب اتر جائیں گے۔

مزید خبریں

FOLLOW US

Copyright © 2024 Roshan Pakistan News