جمعه,  14 نومبر 2025ء
تمام محکمے مل کر شجرکاری مہم کو ہرصورت کامیاب بنائیں،کمشنر گوجرانوالہ

گوجرانوالہ( دلشادعلی) وزیر اعلٰی پنجاب مریم نوازشریف کے احکامات پر پنجاب بھر کی طرح گوجرانوالہ میں بھی شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا گیا ۔

ستھرا پنجاب ماہ صفائی مہم کے تحت شجرکاری مہم پلانٹ فار پاکستان شجرکاری مہم کا باقاعدہ افتتاح کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نوید حیدر شیرازی ،ممبران قومی و صوبائی اسمبلی( ایم این اے شاہد عثمان ابراہیم، ایم پی اے محمد نواز چوہان ، عمر فاروق ڈار) اور چیئرمین جی ڈبلیو ایم سی کاشف اسماعیل گجر نے پودا لگا کر کیا۔

اس موقع پر ڈی جی پی ایچ اے/ سی ای او جی ڈبلیو ایم سی شاہد عباس جوتہ نے بھی ہلال احمر کے رضاکاروں اور اسپیشل بچوں کے ہمراہ پودا لگایا۔

کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نوید حیدر شیرازی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مہم کے دوران گوجرانوالہ میں محکمہ جنگلات، سکول ایجوکیشن 15 سو سے زائد سکولوں میں ساڑھے 4 لاکھ ،محکمہ جنگلات ضلع بھر کے دوسرے محکموں سے مل کر 4لاکھ، پی ایچ اے گوجرانوالہ شہر میں 1 لاکھ 5 ہزار پودے لگائیں گے ۔ شجر کاری ضلع گوجرانوالہ کی 3 بڑی شاہراہوں( موٹروے لنک، شیخوپورہ روڈ اور حافظ آباد روڈ) پر دونوں اطراف کی جائے گی۔

ممبران ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ کمیٹی نے کہا ہے کہ ہر پاکستانی کافرض ہے کہ وہ موسم بہار کی شجرکاری مہم کے دوران ایک پودا ضرور لگائے اور اپناقومی فرض سمجھ کر اس مہم کی کامیابی میں اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہاکہ غیر متوقع موسمیاتی تبدیلیوں اور بڑھتی ہوئی ماحولیاتی آلودگی سے نمٹنے کا بہترین اور سستا ترین حل زیادہ سے زیادہ شجر کاری ہے اور اس سلسلہ میں محکموں کی معاونت سے ماحول دوست اور علاقائی پودے لگائیں اور دیگر تمام صوبائی محکموں کو بھی شجر کاری ٹارگٹس حاصل کرنے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کو یقینی بنانا ہو گا۔


کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نوید حیدر شیرازی نے کہاکہ شجرکاری ایک قومی اہمیت کا حامل ٹاسک ہونے کے ناطے ہم سب سے ٹھوس اور نتیجہ خیز اقدامات کا تقاضا کرتاہے اور تمام محکمے مل کر اس مہم کو ہرصورت کامیاب بنائیں۔

کمشنر گوجرانوالہ نے مزید ہدایت کی کہ لگائے جانے والے تمام پودوں کی مسلسل دیکھ بھال اور نشو ونما حقیقی چیلنج ہو تاہے اور وہ امید کرتے ہیں کہ اس حوالہ سے خصوصی اقدامات کئے جائیں گے تاکہ شجر کاری کا اصل مقصد پورا ہو سکے۔

مزید خبریں