منگل,  24 مارچ 2026ء
پاکستان میں‌ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تاریخی اضافے کا امکان

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمت ریکارڈ سطح پر پہنچنے کا امکان ہے۔

ایران جنگ اور مشرق وسطیٰ میں کشیدہ صورتحال کے باعث عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ جاری ہے، جس کا اثر آنے والے دنوں میں پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی پڑے گا۔

اس حوالے سے ذرائع نے بتایا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اس بار پھر بڑے اور تاریخی اضافے کا امکان ہے، جس کے بعد ان کی قیمت پاکستان کی تاریخ میں بلند ترین سطح پر پہنچ جائے گی۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ پٹرول 55 روپے اور ہائی سپیڈ ڈیزل 75 روپے فی لٹر تک مہنگا ہونے کا امکان ہے۔ اس حوالے سے اوگرا دو روز بعد اپنی ورکنگ پٹرولیم ڈویژن کو بھجوائے گا۔

ایران تنازع کے اثرات: ملائشیا میں کھاد اور خوراک کی قیمتیں بڑھنے کا خدشہ

ذرائع کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی حتمی منظوری وزیراعظم شہباز شریف دیں گے۔ حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک کے بجائے دو ہفتوں میں مرحلہ وار اضافہ کر سکتی ہے، جب کہ سبسڈی دے کر قیمتیں موجودہ سطح پر برقرار بھی رکھی جا سکتی ہیں۔

واضح رہے کہ ایران جنگ کے بعد حکومت نے 7 مارچ کو پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 55 روپے فی لیٹر اضافے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد پٹرول کی فی لیٹر قیمت 321.17 جب کہ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 335 روپے 86 پیسے ہو گئی تھی۔

اوگرا نے گزشتہ ہفتے بھی پٹرول اور ڈیزل مہنگا کرنے کی سمری بھجوائی تھی۔ تاہم حکومت نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمت برقرار رکھی تھی جب کہ مٹی کا تیل 70 روپے 73 پیسے فی لیٹر مہنگا کر دیا تھا جب کہ ہائی اوکٹین پر 200 روپے فی لیٹر لیوی کا اضافہ کر دیا تھا۔

وفاقی وزیر مصدق ملک کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہیں بڑھائیں اور حکومت پٹرول پر 127 اور ڈیزل پر 200 روپے سے زائد فی لیٹر کی سبسڈی دے رہی ہے۔

مزید خبریں