بدھ,  04 فروری 2026ء
ٹی سی ایس اور نِپون ایکسپریس کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کا معاہدہ
ٹی سی ایس اور نِپون ایکسپریس کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کا معاہدہ

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) پاکستان کے معروف لاجسٹکس ادارے ٹی سی ایس گروپ اور جاپان کے عالمی شہرت یافتہ نِپون ایکسپریس گروپ کے درمیان لاجسٹکس اور تجارتی روابط کے فروغ کے لیے اسٹریٹجک شراکت داری طے پا گئی ہے۔ اس معاہدے کے تحت نِپون ایکسپریس (ساؤتھ ایشیا اینڈ اوشیانا) نے ٹی سی ایس لاجسٹکس (پرائیویٹ) لمیٹڈ میں اقلیتی حصص حاصل کر لیے ہیں۔

یہ شراکت داری پاکستانی کاروباری اداروں اور صارفین کے لیے بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی کو مزید بہتر اور مؤثر بنانے میں مدد دے گی۔ ٹی سی ایس لاجسٹکس کو نِپون ایکسپریس کے عالمی نیٹ ورک سے فائدہ حاصل ہوگا، جبکہ نِپون ایکسپریس گروپ پاکستان میں اپنی موجودگی کو مضبوط بنانے کے لیے ٹی سی ایس کے ملک گیر نیٹ ورک، آپریشنل مہارت اور وسیع کسٹمر بیس سے استفادہ کرے گا۔

ٹی سی ایس گروپ کی صدر سائرہ اعوان نے اس موقع پر کہا کہ نِپون ایکسپریس کے ساتھ شراکت داری ٹی سی ایس اور پاکستان کے لاجسٹکس شعبے کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے۔ ان کے مطابق یہ اشتراک نہ صرف پاکستان کی معیشت پر عالمی اعتماد کی عکاسی کرتا ہے بلکہ مقامی کاروباروں کو عالمی معیار کی سپلائی چین سہولیات فراہم کرنے کی جانب ایک بڑا قدم بھی ہے۔

پاکستان میں مقامی سطح پر ویکسین کی تیاری میں بڑی پیش رفت

ٹی سی ایس گروپ گزشتہ چار دہائیوں سے ملک بھر میں لاجسٹکس خدمات، زمینی نقل و حمل، ویئرہاؤسنگ، تقسیمِ سامان اور سرحد پار تجارتی روابط کے حوالے سے ایک مضبوط اور قابلِ اعتماد شناخت رکھتا ہے۔ اس نئی شراکت داری کے ذریعے ٹی سی ایس لاجسٹکس جدید ٹیکنالوجی پر مبنی خدمات اور ویلیو ایڈیڈ سپلائی چین حل متعارف کرانے کا ارادہ رکھتا ہے۔

دوسری جانب نِپون ایکسپریس گروپ نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ اس تعاون کے ذریعے پاکستان میں اپنی لاجسٹکس سرگرمیوں کو وسعت دے گا اور پاکستان سے وسطی ایشیا تک تجارتی راہداریوں کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کرے گا۔ کمپنی ابھرتی ہوئی مارکیٹ ضروریات کے مطابق نئی لاجسٹکس خدمات متعارف کرانے پر بھی کام کرے گی۔

نِپون ایکسپریس گروپ دنیا کے صفِ اول کے لاجسٹکس اداروں میں شمار ہوتا ہے، جس کی سرگرمیاں ایشیا، یورپ، امریکا اور اوشیانا کے 50 سے زائد ممالک تک پھیلی ہوئی ہیں۔ ماہرین کے مطابق یہ شراکت داری پاکستان میں درآمدات و برآمدات کے فروغ، علاقائی تجارتی روابط کے استحکام اور لاجسٹکس شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے ایک مثبت پیش رفت ثابت ہوگی۔

مزید خبریں