پیر,  19 جنوری 2026ء
قانونی پیٹرول پمپس کی شناخت کیلئے ”راہگزر“ موبائل ایپ لانچ کر دی گئی

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) حکومت نے پیٹرولیم سیکٹر میں بہتری، شفافیت اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خاتمے کیلئے جامع اصلاحات پر عمل درآمد تیز کر دیا ہے۔

پیٹرولیم ڈویژن کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پیٹرول پمپس اور فیول سپلائی چین میں اسمگلنگ کے سدباب کیلئے جدید ٹریک اینڈ ٹریس نظام متعارف کرایا جا رہا ہے۔

اعلامیے کے مطابق قانونی پیٹرول پمپس سے متعلق مستند معلومات کی فراہمی کیلئے ”راہگزر“ موبائل ایپ لانچ کر دی گئی ہے، جس کے ذریعے صارفین منظور شدہ اور رجسٹرڈ فیول پمپس کی آسانی سے شناخت کر سکیں گے۔

آئل ٹینکرز کی مؤثر نگرانی کیلئے اوگرا اور پی آئی ٹی بی کے اشتراک سے مشترکہ ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم تیار کر لیا گیا ہے، اس نظام کے تحت فیول ٹینکرز، ٹرمینلز اور ریٹیل آؤٹ لیٹس کو ایک مربوط ڈیجیٹل نیٹ ورک سے منسلک کیا جا رہا ہے۔

اعلامیے کے مطابق پیٹرول پمپس پر خودکار ٹینک گیجز اور ڈیجیٹل نوزلز نصب کیے جائیں گے تاکہ مقدار اور معیار کی درست نگرانی ممکن ہو سکے۔ اسی طرح ڈی جی پی سی تیل و گیس بلاکس کی شفاف بولی کیلئے نیا آن لائن پورٹل متعارف کروائے گا، جس سے ایکسپلوریشن اینڈ پروڈکشن بلاکس کی بولی کا پورا عمل ڈیجیٹل ہو جائے گا۔

پیٹرولیم ڈویژن نے مزید کہا کہ دھماکہ خیز مواد کی نگرانی کیلئے ایکسپلوسیوز ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم فعال کر دیا گیا ہے، جس کے تحت ایکسپلوسیوز سپلائی چین کی ریئل ٹائم مانیٹرنگ کی جا رہی ہے اور اس منصوبے کے دو مراحل کامیابی سے مکمل ہو چکے ہیں۔

پیٹرول کی قیمت میں ایک بار پھر بڑی کمی کا امکان

غیر قانونی پیٹرولیم مصنوعات کے خلاف مؤثر کارروائی کیلئے ایکٹ 1934 میں ترامیم کی گئی ہیں، جن کے تحت پیٹرولیم مصنوعات کی غیر قانونی فروخت اور ترسیل پر بھاری جرمانوں اور ضبطی کی شقیں شامل کی گئی ہیں۔

مزید خبریں