اتوار,  18 جنوری 2026ء
کیا 10 روپے کا نوٹ ختم ہونے والا ہے؟بڑی خبر سامنے آگئی

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) حکومت کا 10 روپے کے نوٹ کو برقرار رکھنے یا ختم کرنے کے حوالے بڑا اقدام سامنے آیا،خصوصی کمیٹی 10 روپے کے نوٹ یا سکہ متعارف کرانے کا جائزہ لے گی۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے پاکستان کی کرنسی میں بڑی تبدیلیوں اور نئے نوٹوں کے اجراء کے حوالے سے اہم اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔

وفاقی کابینہ نے 10 روپے کےنوٹ کو برقرار رکھنے یا ختم کرنے کے حوالے سے غور و خوض کے لیے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی سربراہی میں ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

کمیٹی کو یہ ٹاسک دیا گیا ہے کہ وہ 10 روپے کے نوٹ کی تیاری پر آنے والی لاگت کا جائزہ لے اور یہ سفارشات پیش کرے کہ آیا اس نوٹ کو جاری رکھنا چاہیے یا اس کی جگہ 10 روپے کا سکہ متعارف کروانا زیادہ سود مند ہوگا. کمیٹی کی ان سفارشات کی روشنی میں ہی وفاقی کابینہ حتمی فیصلہ کرے گی۔

حکومت پاکستان کرنسی نوٹوں کا ایک بالکل نیا اور جدید انداز متعارف کروانے کے لیے تیار ہے، نئے نوٹ پاکستان کے ورثے، ثقافتی تنوع، قدرتی مناظر اور سماجی ترقی کی عکاسی کریں گے۔

مزید پڑھیں: نئے نوٹ تیار، اسٹیٹ بینک کو حکومت کی اجازت کا انتظار

عالمی ماہرین کی مشاورت سے ان نوٹوں میں جدید ترین سیکیورٹی تھریڈز اور فیچرز شامل کیے جائیں گے تاکہ جعلی سازی کا مکمل خاتمہ ہو سکے۔

ابتدائی طور پر 100، 500، 1000 اور 5000 روپے کے نئے نوٹ ڈیزائن کیے جا رہے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ نئے نوٹ آرٹ اور ٹیکنالوجی کا بہترین شاہکار ہوں گے، جو بین الاقوامی معیار کے مطابق پاکستانی قوم کے وقار میں اضافہ کریں گے۔

اس عمل کی نگرانی کے لیے تشکیل دی گئی کمیٹی اس بات کو یقینی بنائے گی کہ ہر نوٹ پاکستان کی تاریخ اور جدید ترقی کا آئینہ دار ہو۔

مزید خبریں