اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) حکومت نے وفاقی کابینہ کی باضابطہ منظوری کے بعد نئے ڈیزائن کے کرنسی نوٹ چھاپنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت بدھ کے روز وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والے کابینہ اجلاس میں 100، 500، 1,000 اور 5,000 روپے کے بینک نوٹس کے نئے ڈیزائن متعارف کرانے کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ نئے کرنسی نوٹس جدید بین الاقوامی معیار کے مطابق تیار کیے جا رہے ہیں، جس کے لیے عالمی ماہرین کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ جعلی نوٹوں کی روک تھام کے لیے نئے نوٹس میں جدید اور مضبوط سکیورٹی تھریڈز شامل کیے جائیں گے۔
نئے ڈیزائن میں پاکستان کی علاقائی اور جغرافیائی تنوع کے ساتھ ساتھ تاریخی مقامات کو نمایاں کیا جائے گا، جبکہ خواتین کے قومی ترقی میں کردار اور موسمیاتی تبدیلی جیسے موضوعات کو بھی اجاگر کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: ائیر پورٹ اتھارٹی نے فضائی حدود کی مختلف اوقات میں بندش کا نوٹم جاری کر دیا
کرنسی نوٹس کے حتمی اجرا سے قبل مجوزہ ڈیزائنز کا مزید جائزہ لینے کے لیے کابینہ نے ایک خصوصی کابینہ کمیٹی کے قیام کی بھی منظوری دی۔
اجلاس کے دوران کابینہ نے نجی حج پالیسی 2027ء تا 2030ء کے مسودے کو مزید غور و خوض کے لیے دوبارہ حج پالیسی کمیٹی کو بھجوانے کی ہدایت کی۔ مسودہ نجی حج آپریٹر کمپنیوں کی رجسٹریشن اور تھرڈ پارٹی ویریفکیشن سے متعلق امور کا احاطہ کرتا ہے۔











