جمعه,  09 جنوری 2026ء
وفاقی حکومت نے نئے بجٹ کی تیاریاں شروع کردیں

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) وفاقی حکومت نے نئے بجٹ 2026-27 کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔

نجی ٹی وی کے مطابق بزنس سیکٹر سے 30 جنوری 2026 تک بجٹ تجاویز طلب کرلی گئی ہیں، ٹیکس پالیسی اب ایف بی آر کے بجائے وزارت خزانہ تیار کرے گی، ٹیکس پالیسی آفس کو ٹیکس اصلاحات کی مکمل ذمہ داری دے دی گئی ہے۔

بجٹ سازی میں اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کا فیصلہ کیا گیا ہے، نئے بجٹ میں صنعتوں پر ٹیکس بوجھ کم کرنے پر غور کیا گیا ہے جبکہ برآمدات بڑھانے اور غیرملکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی ترجیح قرار دی گئی ہے۔

حکومت نے مینوفیکچرنگ اور صنعتی ترقی کو فروغ دینے کا عزم ظاہر کیا ہے، نئے بجٹ میں آئی ٹی اور ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کے لیے ٹیکس سہولتوں پر غور کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: سام سنگ نے نیا ’ایم 17‘بجٹ فون متعارف کرادیا

ماحول دوست اور سستی توانائی منصوبوں کو ترجیح قرار دے دیا گیا ہے، خواتین کی ملازمت اور نوجوانوں کے روزگار پر توجہ دی جائے گی، ٹیکس تجاویز ای میل یا بذریعہ ڈاک جمع کروانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

علاوہ ازیں ریونیو، معاشی اشاریوں پر ممکنہ اثرات کے بارے میں بتانا لازمی قرار دیا گیا ہے، ٹیکس تجاویز سے کسی خاص کاروباری شعبے پر ممکنہ اثرات سے متعلق آگاہ کرنا ہوگا، صرف ٹھوس ٹیکس تجاویز کو ہی بجٹ سازی کے دوران ترجیح دی جائے گی۔

وزارت خزانہ نے بجٹ تجاویز کے لیے خصوصی فارم بھی جاری کردیا ہے، ٹیکس تجاویز، بیک گراؤنڈ قوانین میں ترامیم کا جواز بھی دینا ہوگا۔

مزید خبریں