اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) عالمی بینک نے کہا ہے کہ پاکستان میں حالیہ سیلاب کے باعث معاشی ترقی میں کمی اور مہنگائی بڑھنے کا خدشہ ہے۔
عالمی بینک نے پاکستان کی معاشی صورتِ حال پر رپورٹ جاری کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ رواں مالی سال پاکستان کی معاشی شرحِ نمو 2.6 فیصد رہنے کاامکان ہے۔
حکومت نے رواں مالی سال معاشی ترقی کا ہدف 4.2 فیصد مقرر کر رکھا ہے، اگلے مالی سال پاکستان 3.6 فیصد کی شرح سے ترقی کرے گا، عالمی بینک کا کہنا ہے کہ سیلاب کے بعد معاشی بحالی میں سست روی کا خدشہ ہے۔
مزید پڑھیں: جنگ کو کھیل سے جوڑنا مایوسی کی علامت ہے ، محسن نقوی کا مودی کو جواب
مالی سال 26-2025 میں جی ڈی پی گروتھ 2.6 فیصد رہنے کا امکان ہے، عالمی بینک نے پاکستان میں رواں مالی سال مہنگائی 7 فیصد سے تجاوز کرنے کاامکان ظاہر کیا ہے۔
عالمی بینک کی رپورٹ کے مطابق سیلاب سے پنجاب میں زرعی پیداوار میں 10 فیصد کمی کا خدشہ ہے، چاول، گنا، کپاس، گندم اور مکئی کی فصلیں سیلاب سے متاثر ہوئیں،عالمی بینک
خوراک کی ترسیل متاثر ہونے سے مالیاتی خسارہ 5.5 فیصد تک بڑھنے کا خدشہ ہے، پاکستان میں معاشی ترقی کا انحصار زرعی شعبے کی بحالی پر ہوگا، رواں مالی سال غربت کی شرح 44 فیصد رہنے کا امکان ہے۔
اگلے مالی سال غربت کی شرح میں ایک فیصد کمی ہونے کی توقع ہے،محصولات میں اضافے،اخراجات میں کمی اور زرعی بحالی سے بہتری ممکن ہے۔
عالمی بینک نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ اصلاحاتی منصوبے کے تحت ٹیرف میں کمی سے برآمدات بڑھنے کی امید ہے،سیلاب سے برآمدات متاثر ہوں گی مگر ترسیلات زر اور تیل کی کم قیمتوں سے توازن ممکن ہو سکے گا۔