اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) یوٹیلٹی اسٹورزکارپوریشن (یو ایس سی) کی انتظامیہ نے باضابطہ سرکلرجاری کرتے ہوئے یکم ستمبر سے تمام ملازمین کی برطرفی کا اعلان کررکھا ہے۔
اس فیصلے کے تحت کارپوریشن کے 11 ہزار 406 ملازمین کو حکومت کی جانب سے منظور شدہ مالی پیکج دیا جائے گا۔
وزارتِ صنعت وپیداوارنے ملازمین کیلئے 25.5 ارب روپے کے پیکج کو حتمی شکل دیدی ہے جومستقل، کنٹریکٹ اورڈیلی ویجز پرکام کرنیوالے ملازمین کیساتھ ساتھ بیواؤں اورادارے کی بندش سے متعلقہ اخراجات کیلئے بھی مختص کیا گیا ہے۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق دو سال سے کم سروس والے مستقل ملازمین کو باقی ماندہ مہینوں کی مکمل تنخواہیں دی جائیں گی جبکہ 20 سال سے زائد سروس رکھنے والوں کو ہرمکمل سال کیلئے موجودہ بنیادی تنخواہ کے دو گنا کے برابرمعاوضہ ملے گا۔
اسی طرح 20 سال تک سروس والے ملازمین کو تین بنیادی تنخواہیں فی سال یا باقی ماندہ مدت کی 1.25 گنا بنیادی تنخواہ ملے گی۔
مزید پڑھیں: یوٹیلٹی اسٹورز آج سے بند ، ملازمین کیلئے 28 ارب روپے کا پیکیج تیار
اعداد و شمار کے مطابق 5 ہزار 229 مستقل ملازمین کے لیے 13.18 ارب روپے، 3 ہزار 323 کنٹریکٹ ملازمین کے لیے 3.6 ارب روپے اور2 ہزار 854 ڈیلی ویجز ملازمین کے لیے 2.71 ارب روپے رکھے گئے ہیں، ادارے کی بندش اور بیواؤں کی معاونت کے لیے 5.75 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
تفصیل کے مطابق 20 سال سے زائد خدمات رکھنے والے مستقل ملازمین کواوسطاً 34 لاکھ 40 ہزار روپے جبکہ 20 سال سے کم سروس والوں کو 24 لاکھ 30 ہزار روپے ملیں گے۔
کنٹریکٹ ملازمین میں 16 سال سے زائد خدمات والوں کے لیے اوسطاً 11 لاکھ 27 ہزار روپے اور 16 سال سے کم سروس والوں کے لیے 9 لاکھ 47 ہزارروپے مقررکیے گئے ہیں۔