اتوار,  07  ستمبر 2025ء
بلیو ایریا اسلام آباد میں نو سال بعد الیکشن، تاجر اتحاد گروپ کی قیادت میں شفاف انتخاب کا اعلان

اسلام آباد(عرفان حیدر سے) بلیو ایریا میں نو سال کے طویل عرصے کے بعد 10 ستمبر کو الیکشن کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جو تاجر اتحاد گروپ کی مسلسل جدوجہد کا نتیجہ ہے۔ اس الیکشن کے ذریعے تاجروں کو دوبارہ عزت ملے گی اوربلیو ایریا کا وقار بلند ہوگا۔

مشعل لوکل ہوٹل میں منعقدہ اجلاس میں تاجر اتحاد گروپ کے اہم رہنماؤں نے شرکت کی، جن میں صدر کے امیدوار طارق کھوکھر، چیئرمین کے امیدوار فرقان مجتبیٰ، سرپرستی کے امیدوار سید ندیم منصور اور جنرل سیکرٹری کے امیدوار خورشید زمان شامل تھے۔ ان کا نشان “مشعل” ہے۔ اجلاس میں انتخابات میں بھرپور شرکت کو یقینی بنانے کے لیے حکمت عملی پر زور دیا گیا اور ذمہ داران کو ووٹرز کو پولنگ اسٹیشن تک لے جانے اور انتخابی عمل کو شفاف بنانے کی ذمہ داریاں دی گئیں۔

تاجر اتحاد گروپ نے اعلان کیا کہ اس بار کوئی غیر متعلقہ فرد یا جعلی ووٹر انتخابات میں شامل نہیں ہوگا اور بارش و سیکیورٹی کے مکمل انتظامات کیے گئے ہیں۔ پولنگ صبح آٹھ بجے شروع ہو کر شام چھ بجے تک جاری رہے گی۔

اسی مناسبت سے مورخہ 7 ستمبر 2025 کو سرپرست اعلیٰ سید ندیم منصور کی قیادت میں ہنگامی پریس کانفرنس بھی منعقد ہوئی، جس میں چیرمین کے امیدوار چوہدری فرقان، صدر کے امیدوار طارق کھوکھر اور جنرل سیکرٹری کے امیدوار خورشید زمان نے اپنی انتخابی حکمت عملی کا اعلان کیا۔

پریس کانفرنس میں کہا گیا کہ نو سالوں سے الیکشن کا نہ ہونا تاجر اتحاد گروپ اور اس کے اتحادیوں کی مسلسل محنت کے باعث ختم ہو رہا ہے۔ یہ گروپ منشور پر سختی سے عمل پیرا ہے اور تاجروں کے وہ مسائل جنہیں سالوں تک نظر انداز کیا گیا، انہیں حل کرنے کا عزم رکھتا ہے۔

گروپ نے اپنے الیکشن کمیشن پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ اگرچہ وہ جیتنے کے پراعتماد ہیں، لیکن ہارنے کی صورت میں بھی وہ جیتنے والوں کی بھرپور مدد کریں گے کیونکہ تاجروں کی خدمت ان کی اولین ترجیح ہے۔ مزید کہا گیا کہ یہ الیکشن دو سال کے لیے ہوگا اور کامیاب کارکردگی کی صورت میں تاجروں کی حمایت دوبارہ ملے گی۔ سابقہ نااہل حکمرانوں کی ناکامیوں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور تبدیلی کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

یہ الیکشن بلیو ایریا کے تاجروں کے حقوق کے تحفظ اور علاقے کی معاشی و سماجی ترقی کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

مزید خبریں