پیر,  11  اگست 2025ء
یوٹیلٹی اسٹورز ملازمین کا تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر شدید احتجاج

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) کراچی کمپنی میں واقع یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کے فنانس آڈٹ سیکشن کے ملازمین نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر شدید احتجاج کیا ہے۔ احتجاج کرنے والے ملازمین کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے کیے گئے وعدوں کے باوجود ابھی تک تنخواہیں ادا نہیں کی گئیں، جس سے ان کے گھروں میں فاقوں کی نوبت آ گئی ہے۔

سی ایف او افتخار کے مطابق تنخواہوں کی سمری وزارت صنعت و پیداوار کو بھیج دی گئی ہے، جو آگے فنانس منسٹری کو ارسال کی جائے گی۔ فنانس منسٹری سے منظوری کے بعد ہی تنخواہوں کی ادائیگی ممکن ہو سکے گی۔

واضح رہے کہ یوٹیلٹی اسٹورز کے ملازمین نے 21 جولائی سے 12 دنوں تک ہیڈ آفس اسلام آباد کے باہر احتجاجی دھرنا دیا تھا، جس میں وفاقی حکومت نے یقین دہانی کرائی تھی کہ 10 اگست تک تمام ملازمین کو تنخواہیں ادا کر دی جائیں گی۔ تاہم، مقررہ تاریخ گزر جانے کے باوجود تنخواہیں نہ ملنے پر ملازمین ایک بار پھر سراپا احتجاج بن گئے ہیں۔

مظاہرین نے مطالبہ کیا ہے کہ تنخواہوں کی فوری ادائیگی کی جائے اور یوٹیلٹی اسٹورز کی بندش سے متعلق پالیسی پر بھی نظرثانی کی جائے، تاکہ ملازمین کو مستقبل کی غیر یقینی صورتحال سے نجات مل سکے۔

مزید خبریں