پیر,  07 اپریل 2025ء
ڈیموکریٹس گروپ کا اسلام آباد چیمبر کے خلاف احتجاج کا اعلان، ممبرز کے حقوق کی بازیابی کی جدوجہد جاری

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)  اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ICCI) میں ڈیموکریٹس گروپ نے ممبرز کے حقوق کی بازیابی کے لیے بھرپور احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ گروپ کے صدر سید ندیم منصور نے کہا کہ یہ جدوجہد کسی ایک فرد یا گروپ کی نہیں بلکہ تمام ممبران، ووٹرز، سپورٹرز اور ہم خیال افراد کی مشترکہ تحریک ہے۔

سید ندیم منصور نے چیمبر کی فیس میں بلاجواز اضافے کو “ڈکٹیٹرشپ کی سوچ” قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ انتظامیہ ممبران کے حقوق کو اپنی وراثت سمجھتی ہے اور ان کے مالی مسائل، رائٹس اور قربانیوں کو نظرانداز کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا، “ہم خاموش نہیں رہیں گے۔ اگر آج ہم نے آواز نہ اٹھائی تو ہمیں ساری عمر غلامی قبول کرنا ہوگی۔”

ڈیموکریٹس گروپ نے اسلام آباد چیمبر کو ایک آخری موقع دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ممبرز کو ان کا جائز حق فوری طور پر دیا جائے تاکہ وہ چیمبر میں مثبت کردار ادا کر سکیں۔ آغا شیراز، چیئرمین ڈیموکریٹس گروپ نے اعلان کیا کہ اگر چیمبر نے 9 اپریل تک ہال فراہم نہ کیا تو چیمبر کے سامنے پُرامن احتجاج کیا جائے گا۔

اسی سلسلے میں گروپ کی جانب سے ڈی جی ٹی او (DGTO) کو چیمبر کی فیس کے خلاف وضاحت کے لیے خط بھی لکھا گیا ہے۔ سید ندیم منصور نے چیمبر کے سامنے پریس کانفرنس کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ چیمبر نہ تو مالی حساب کتاب شفاف طریقے سے پیش کرتا ہے، نہ ویب سائٹ پر ماہانہ بیلنس شیٹ فراہم کی جاتی ہے اور نہ ہی بیرون ملک جانے والے ڈیلیگیشنز کے بارے میں ممبران کو آگاہ کیا جاتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ صدر ابھی تک ڈی جی ٹی او اور ہائی کورٹ میں قانونی کارروائیوں کی زد میں ہیں، اس لیے ان کا عہدہ بھی غیر یقینی صورتحال کا شکار ہے۔ اس صورتحال میں فیس کا نفاذ کیسے کیا جا سکتا ہے؟

مزید پڑھیں: اسلام آباد چیمبر آف کامرس الیکشن میں دھاندلی کا انکشاف ، ڈیموکریٹ گروپ کا مشترکہ کانفرنس کا انعقاد

ڈیموکریٹس گروپ نے ممبرز سے اپیل کی ہے کہ وہ بے حسی سے باہر نکلیں اور میڈیا، سوشل میڈیا اور دیگر پلیٹ فارمز پر چیمبر کی اصل صورتحال کو سامنے لائیں۔ گروپ نے کہا کہ “ہم اپوزیشن میں کسر نہیں چھوڑتے، تو ممبرز کی بھلائی کے لیے بھی کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔ ہماری کال کا انتظار کریں، اسلام آباد چیمبر کے خلاف احتجاج اور دھرنا ہوگا۔”

مزید خبریں