اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز( صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، عاطف اکرام شیخ نے اسٹیٹ بینک کی جانب سے مارک اپ ریٹ میں صرف ایک فیصد کمی کو ناکافی قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری کمیونٹی اس فیصلے سے مایوس ہے اور ان کا مطالبہ ہے کہ شرح سود میں کم از کم پانچ سو بیسس پوائنٹس کی کمی کی جائے۔
عاطف اکرام شیخ نے مزید کہا کہ اسٹیٹ بینک کو اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرتے ہوئے پالیسی ریٹ کو آٹھ فیصد تک لے آنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ حالیہ مہینوں میں معاشی اشاریے مثبت رہے ہیں اور مہنگائی کی شرح میں مسلسل کمی آئی ہے، جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ اسٹیٹ بینک کے پاس شرح سود کو سنگل ڈیجٹ میں لانے کی مکمل گنجائش تھی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اسٹیٹ بینک کے لیے یہ بہترین موقع تھا کہ وہ شرح سود کو آٹھ فیصد تک لاتے، تاہم اس کے باوجود صرف ایک فیصد کمی کی گئی، جو کہ کاروباری برادری کی توقعات کے مطابق نہیں ہے۔
عاطف اکرام شیخ نے حکومت اور مرکزی بینک سے مطالبہ کیا کہ وہ ملکی معیشت کے استحکام اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے فیصلہ کن اقدامات اٹھائیں تاکہ ملک بھر میں کاروباری ماحول بہتر ہو اور ترقی کی رفتار تیز ہو سکے۔
مزید پڑھیں: اسٹیٹ بینک نے شرح سود میں ایک فیصد کمی کر دی