جمعه,  13 دسمبر 2024ء
سعودی عرب میں اپنا کاروبار رجسٹرڈ کرانا چاہتے ہیں؟ طریقہ جانئے

ریاض(روشن پاکستان نیوز) اگر آپ سعودی عرب میں کاروبار کرنے خواہش مند ہیں اور اپنی کمپنی وہاں رجسٹرڈ کرانا چاہتے ہیں تو اس کیلئے آپ کو ضروری معلومات سے گاہ ہونا ضروری ہے۔

خلیجی ممالک میں کام کرنے والی ایک قانونی معاملات سے ڈیل کرنے والی لاء فرم کے کنسلٹنٹ غوری باچا نے نجی ٹی وی سے گفتگو کے دوران یہ تفصیلات بیان کی ہیں۔

غوری باچا کہتے ہیں کہ سعودی فرمانروا شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے 2016 میں متعارف کرائے گئے قوانین کے بعد اب کوئی بھی 2 لاکھ ریال تک میں بآسانی سعودی عرب میں اپنی کمپنی کی ملکیت حاصل کرسکتا ہے۔

غوری باچا نے سعودی عرب میں کمپنی کھولنے یا رجسٹرڈ کرانے کے لیے رائج قوانین اور طریقہ کار بتاتے ہوئے کہا کہ اس کے لیے پہلے ضروری ہوگا کہ کمپنی ایک یا دو سال پرانی ہو اور اپنے یا کسی بھی ملک میں کام کر چکی ہو، چلتی ہو اور اس کا آڈٹ ہوا ہو، چیمبر آف کامرس میں بھی رجسٹرڈ ہو اور ٹیکس دہندہ ہو۔

غوری باچا کے مطابق پاکستانیوں سمیت کوئی بھی غیر ملکی کمپنی 6 کیٹیگریز میں لائسنس لے سکتی ہے، ان میں ٹریڈنگ، مینوفکچرنگ، رئیل اسٹیٹ، زراعت، سروسز کلاس اور ٹرانسپورٹ شامل ہیں۔ ٹریڈنگ اور ٹرانسپورٹ کے شعبے میں کمپنی کے آغاز کے لیے شرائط دیگر شعبوں سے مختلف ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ان کیٹیگریز میں تجارتی اور ٹرانسپورٹ کمپنی کا لائسنس حاصل کرنے کے لیے ضروری ہو گا کہ اس کمپنی کے 25 فیصد شیئر سعودی عرب کے کسی باشندے کے پاس ہونے چاہئیں اور 75 فیصد جہاں سے آپ کمپنی لے کر آرہے ہیں وہاں کا حصہ ہونے چاہئیںکیونکہ ٹریڈنگ کمپنی کے لیے کیپٹل بہت زیادہ چاہیے اور اس کے لیے آپ کو 27 ملین ریال درکار ہوں گے۔

مزید پڑھیں: ایک ہفتے میں اسٹیٹ بینک کے ذخائر میں کروڑوں ڈالرز کا اضافہ

غوری باچا کے مطابق ٹرانسپورٹ کمپنی کا کیپیٹل 10 ملین ریال ہونا چاہیے، تاہم باقی کمپنیوں کے لیے سعودی عرب کے کسی باشندے کا شیئر ہولڈر ہونا ضروری نہیں ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ سروسز کلاس میں تعمیراتی کام، ورکشاپ، ریسٹورنٹ، ٹریول ایجنسی شامل ہیں، اس سروس کلاس میں 800 سے زیادہ ایکٹیویٹز کی جا سکتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اگر آپ کے پاس 2 لاکھ ریال ہوں تو آپ آسانی سے کمپنی کی آنرشپ لے سکتے ہیں۔

مزید خبریں