لاہور(روشن پاکستان نیوز) سعودی عرب کی تیل کی سب سے بڑی کمپنی آرامکو نے گیس اینڈ آئل پاکستان (گولمیٹڈ) پیٹرولیم کمپنی کے ساتھ مل کر پاکستان میں اپنے پہلے فیول اسٹیشن کا افتتاح کر دیا۔
آرامکو اور گو پیٹرولیم کا پہلا فیول اسٹیشن پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں شروع کیا گیا ہے۔ ایک ماہ قبل آرامکو کی جانب سے گیس اینڈ آئل پاکستان (گو لمیٹڈ) میں 40 فیصد حصص کے حصول کے لیے معاہدہ طے پایا تھا۔ جس کے بعد اب آرامکو نے اپنے پہلے فیول اسٹیشن کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔
آرامکو کا یہ پہلا فیول اسٹیشن گلبرگ کمرشل ایریا میں نور جہاں روڈ پر قائم کیا گیا ہے۔ افتتاح کے موقع پر دونوں اداروں کے اسٹاف کے ساتھ ساتھ مقامی لوگ بھی موجود تھے۔
آرامکو دنیا کی معروف توانائی اور کیمیکل کمپنیوں میں سے ایک ہے۔ اور گو کے ساتھ اس کی شراکت داری سے پاکستان میں اعلی معیار کے ایندھن کی توقع کی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عالمی مارکیٹ میں خام تیل و گیس کی قیمتیں گر گئیں
آرامکو کے ایگزیکٹو نائب صدر برائے پراڈکٹس اینڈ کسٹمرز یاسر ایم مفتی نے آرامکو کی جانب سے پاکستان میں پہلے فیول اسٹیشن کے افتتاح کو ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھانے کے لیے گذشتہ طویل عرصہ سے کام کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ سعودی عرب نے رواں برس پاکستان کے لیے 5 ارب ڈالر کے سرمایہ کاری پیکج کو تیز کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کر رکھا ہے۔