کراچی(روشن پاکستان نیوز)کاروبار کے آغاز پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی دیکھنے میں آئی جبکہ ڈالر کی قدر میں کمی ہو گئی۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 100انڈیکس میں 324پوائنٹس کا اضافہ دیکھنے میں آیا، کاروبارکے دوران انڈیکس 79ہزار118 پوائنٹس پر ٹریڈکرتے دیکھا گیا۔
انٹر بینک میں کاروبار کے دوران ڈالر کی قدر میں 2 پیسے کی کمی ہو گئی،انٹر بینک میں دوران کاروبار ڈالر 278 روپے 65پیسے میں ٹریڈ ہو رہا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری سرگرمیوں میں تیزی کا سلسلہ جاری ہے گزشتہ روز کے ایس ای-100 انڈیکس میں 532.56 پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔
وزیر خزانہ کی جانب سے عالمی مالیاتی ادارہ(آئی ایم ایف)کے ستمبر میں ہونے والے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس میں پاکستان کو نئے قرض پروگرام کی منظوری ملنے کے بیان، مارکیٹ ٹریژری بلوں کی کم ایلڈ پر نیلامی، کائبور ریٹ گھٹنے سے آنے والے دنوں میں شرح سود میں کمی کی توقعات اور مثبت رجحان کے باعث پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں گزشتہ روز بھی تیزی کا تسلسل برقرار رہا۔
مزید پڑھیں: پاکستان میں مشروم کے کاروبار کا سنہری موقع، انتہائی کم سرمائے سے ماہانہ لاکھوں روپے کیسے کمائیں؟
اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کے سبب 55.17 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں، حصص کی مالیت میں 62ارب 79کروڑ 67لاکھ 6ہزار 618روپے کا اضافہ ہوا۔مثبت توقعات پر سیمنٹ، فرٹیلائزر، آئل اینڈ گیس سمیت دیگر شعبوں کی سرگرمیوں سے کاروبار کے تمام دورانیے میں مارکیٹ کا گراف بلندی کی جانب گامزن رہا۔
مارکیٹ میں ایک موقع پر 735پوائنٹس کی تیزی بھی دیکھی گئی لیکن اختتامی لمحات میں پرافٹ ٹیکنگ کے سبب تیزی کی مذکورہ شرح میں کمی واقع ہوئی اورنتیجتاً کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای-100 انڈیکس 532.56 پوائنٹس کے اضافے سے 78793.41 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔