جمعرات,  26 مارچ 2026ء
اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب میں ماہانہ ای۔کھلی کچہری کا انعقاد، اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل سنے گئے

خصوصی رپورٹ : شیخ اعجاز افضل
تاریخ: 25 مارچ 2026

لاہور: وزیرِ اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے عوام دوست وژن “عوامی رابطہ مہم” کے تحت اوورسیز پاکستانیوں کو درپیش مسائل کے فوری اور مؤثر حل کے لیے اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کے زیرِ اہتمام پچیس مارچ کو ماہانہ ای۔کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔

ای۔کھلی کچہری کی صدارت صوبائی وزیر اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب و وائس چیئرپرسن بیرسٹر امجد ملک اور کمشنر او پی سی محترمہ ثمن رائے نے کی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ایڈمن عامر احمد خان، ڈائریکٹر پولیس امتیاز احمد، ڈائریکٹر ریونیو محمد شعیب نسوانہ، ڈپٹی ڈائریکٹر لاء عقیل خان سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

کھلی کچہری میں فلپائن، سویڈن، برطانیہ، ناروے، کینیڈا، آسٹریلیا ، اٹلی ، سعودی عرب ، کویت ، بحرین اور نیوزی لینڈ سمیت مختلف ممالک میں مقیم اوورسیز پاکستانیوں نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی اور جائیداد کے تنازعات، وراثتی معاملات، سرکاری محکموں میں درپیش رکاوٹوں اور دیگر انتظامی مسائل سے متعلق اپنی شکایات پیش کیں۔

کمشنر اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب محترمہ ثمن رائے نے شرکاء کو کمیشن میں متعارف کرائی گئی نئی اصلاحات سے آگاہ کرتے ہوئے خصوصی شکایات سیل، ضلعی رابطہ افسران کی تعیناتی اور اوورسیز خصوصی عدالتوں کے قیام کے حوالے سے بریفنگ دی۔ انہوں نے عوامی دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے کچہری کو ہر پندرہ دن بعد منعقد کرنے کی تجویز بھی پیش کی۔

وائس چیئرپرسن بیرسٹر امجد ملک نے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل توجہ اور تحمل سے سنے اور متعلقہ محکموں کو فوری، شفاف اور مؤثر کارروائی کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملک کا قیمتی اثاثہ اور عالمی سطح پر پاکستان کے سفیر ہیں، جن کے مسائل کا بروقت حل وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور حکومتِ پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔

شرکاء نے اوورسیز خصوصی عدالتوں کے قیام کو تاریخی اور انقلابی اقدام قرار دیتے ہوئے حکومتِ پنجاب کی کاوشوں کو سراہا۔ بیرسٹر امجد ملک نے کابینہ کی جانب سے خصوصی عدالتوں کے ججز کی منظوری اور تعیناتی پر وزیرِ اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں سے کیا گیا وعدہ عملی شکل دے دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کھلی کچہریاں، ویڈیو لنک اجلاس، ایڈوائزری کونسلز اور جدید ای۔سسٹمز کے ذریعے اوورسیز پاکستانیوں کو ان کی دہلیز پر انصاف فراہم کیا جا رہا ہے۔

کھلی کچہری کی خاص بات یہ تھی کہ اس میں مختلف ممالک سے خاص طور پر سعودیہ کے شہر جدہ ، ریاض ، اٹلی ، کینیڈا اور سویڈن سے آبزرور نے بھی شرکت کی اور کھلی کچہری کا مشاہدہ کیا۔

اجلاس کے اختتام پر بتایا گیا کہ اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کی آئندہ کھلی کچہری لاہور میں آئندہ ماہ منعقد کی جائے گی، جس میں دنیا بھر سے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل براہِ راست سنے جائیں گے اور ان کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔

مزید خبریں