پیر,  03 نومبر 2025ء
بچوں کا نام بگاڑنا یا خصوصی القاب سے پکارنا ان پر کیا اثر ڈالتا ہے؟

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) بچوں کا نام بگاڑنا، انھیں بُرے القاب سے پکارنا یا ان پر کسی طرح کا لیبل لگانا ان پر کیا اثرات مرتب کرتا ہے، ماہر صحت نے بتادیا۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رابعہ رضوان نے کہا کہ ہمیں اس طرح کی صورتحال کافی بار دیکھنے کو ملتی ہے کہ جیسے کسی بچے کو کہا جائے کہ یہ سست ہے یا پھوہڑ بچہ ہے، بچوں کو فوراً کچھ بھی نام دے دیتے ہیں، یہ چیزیں دماغ میں بیٹھ جاتی ہیں۔

میزبان نے ان کی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلے یہ چیز ماں باپ ہی شروع کرتے ہیں اگر ان کے تین بچے ہیں تو کہتے ہیں کہ یہ بڑا تیز ہے، یہ سست ہے اور یہ سوتو ہے اور یہ تو کھانا ہی کھاتا رہتا ہے۔

رابعہ رضوان نے کہا کہ جب آپ کسی بچے کی خصوصیات کو اس طرح بیان کرتے ہیں تو آپ ایک طرح سے اس کا خاکہ بنادیتے ہیں، پھر یہ ہوتا ہے کہ بچہ باغی ہوجاتا ہے۔

مزید پڑھیں: شیخوپورہ، اسکول بس اور ٹرک میں تصادم، 21 بچے زخمی

یا تو دوسری صورت میں بچہ کہتا ہے کہ ہاں ٹھیک ہے اگر میں ایسا ہوں تو پھر میں ایسا ہی کروں گا، اگر مجھ سے چیزیں گرتی ہیں تو ٹھیک ہے میں تو ہوں ہی پھوہڑ میں ایسا ہی کروں گا۔

انھوں نے کہا کہ ہم جو بچوں پر لیبلنگ کرتے ہیں یہ درست نہیں، اگر بچہ پڑھنے میں یا کسی چیز میں تیز ہے تو ہم اس سے اپنی امیدیں بہت بڑھا لیتے ہیں یعنی یہ تو ہمیشہ اے پلس گریڈ لے کر آتا ہے۔

رابعہ نے کہا کہ اس سے بچے کے دل میں ڈر بیٹھ جاتا ہے کہ اگر میں اے گریڈ لے کر آگیا تو کیا ہوگا، تو ضروری ہے کہ بچوں پر لیبلنگ نہ کریں اور انھیں کسی چیز کےلیے اپنے کسی رویے سے مجبور نہ کریں۔

مزید خبریں