منگل,  28 اکتوبر 2025ء
بدلتی دنیا

تحریر: حمداللہ

فیس بک پر کسی نے لکھا تھا کہ “دنیا بہت بڑی ہے، تمہیں صرف اپنے کونے سے باہر نکلنا پڑے گا۔ یہ جملہ آج کی حقیقت کو بیان کرتا ہے۔ گزشتہ چند سالوں میں دنیا تیزی سے بدلی ہے اور آنے والے برسوں میں مزید تبدیلیوں کی گواہ بنے گی۔ اس صدی کے آغاز میں الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کا راج تھا، لیکن سوشل میڈیا نے دونوں کو خاموش کر دیا۔ شہروں کے اطراف میں ہائوسنگ سوسائٹیوں نے لوگوں کی زندگی کا نقشہ بدل دیا ہے نہ سینٹیشن کا مسئلہ، نہ پانی یا بجلی کی کمی، نہ ہی سڑکوں کی خستہ حالی۔ اگرچہ کمزور طبقات اور پرانے شہر یا دیہات کے باسی اب بھی ان مسائل سے دوچار ہیں، مگر ان کی زندگی بھی آہستہ آہستہ ٹیکنالوجی کی لائن میں آ رہی ہے۔ اب نوجوان راتوں کو اپنے گھروں سے امریکہ اور یورپ کی کمپنیوں کے لیے کام کرتے ہیں۔ ہمارا ایک شاگرد آن لائن گلف ممالک کو لیبر فراہم کرتا ہے، اور ایک عزیز ہالی وڈ کی فلموں کے سین گھر بیٹھے تیار کرتا ہے۔ مستقبل قریب میں ڈاکٹر، انجینئر، وکیل اور لیبارٹری سب کچھ آن لائن دستیاب ہوگا۔ آپ اپنا مسئلہ چیٹ جی پی ٹی جیسے نظام کو بتائیں گے، اور وہ آپ کو فوری مشورہ دے گا۔ اب عورتوں کی تحریک بھی شاید دم توڑ دے، کیونکہ مستقبل کی دنیا میں عورتوں کی جگہ روبوٹ لے لیں گے ایسے روبوٹ جو نہ صرف بچے پیدا کر سکیں گے بلکہ کھانا بھی پکائیں گے اور گھر کی صفائی بھی کریں گے۔ ہماری سوسائٹی میں عورت سے عموماًیہی دو کام لیے جاتے ہیں، اور جب یہ کام روبوٹ کرنے لگیں گے تو سوال یہ پیدا ہوگا کہ انسانی رشتوں کی اہمیت کہاں باقی رہے گی؟ دنیا واقعی بدل رہی ہے اور ہم سب اس تبدیلی کا حصہ ہیں۔

مزید خبریں