اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) — تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ سعد رضوی کی پولیس اور رینجرز کو اللہ، رسول اور ماؤں کے واسطے دینے والی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔ سعد رضوی نے گزشتہ دو دنوں میں متعدد بار مذاکرات کی پیشکش کی تھی، لیکن وہ ناکام رہے۔
تحریک لبیک پاکستان نے 10 اکتوبر کو لاہور سے ’الاقصیٰ مارچ‘ کا آغاز کیا تھا، جو اسلام آباد پہنچ کر امریکی سفارت خانے کے باہر احتجاج اور ایک یادداشت جمع کروانے کا مقصد رکھتا تھا۔ یہ مارچ فلسطین کے مظلوم عوام اور غزہ کی صورتحال پر اظہار یکجہتی کے لیے تھا، لیکن یہ پرتشدد صورت اختیار کر گیا اور پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں، جس سے متعدد راستے بند ہو گئے۔
جھڑپوں کے دوران ایک ایس ایچ او شہید جبکہ پولیس اور رینجرز کے 48 اہلکار زخمی ہوئے، جن میں 17 گولیاں لگنے سے زخمی ہوئے۔ پولیس کے مطابق تحریک لبیک کے مظاہرین کی فائرنگ سے 3 کارکنان اور ایک راہ گیر بھی جاں بحق ہو گئے، جبکہ 8 شہری زخمی ہوئے۔ اس کے علاوہ 40 سرکاری و نجی گاڑیاں بھی جلائی گئیں۔
مزید پڑھیں: راولپنڈی: تھانہ دھمیال کے علاقے میں پولیس پارٹی پر فائرنگ، خطرناک ڈاکو ہلاک، ساتھی فرار
ذرائع پنجاب حکومت کے مطابق یہ مارچ فلسطین کے حق میں نہیں بلکہ سعد رضوی کے ذاتی مفادات کے لیے تھا تاکہ ان پر درج مقدمات ختم کروائے جا سکیں۔ حافظ سعد رضوی کے خلاف دہشتگردی، فسادات اور تشدد کے مقدمات درج ہیں۔
حکومت کی جانب سے سعد رضوی کے اہل خانہ کو گرفتار بھی کیا گیا تھا لیکن وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے حکم پر انہیں رہا کر دیا گیا۔ پولیس نے سعد رضوی کے گھر سے کروڑوں روپے بھی برآمد کیے۔
اب تک مختلف تھانوں میں 20 سے زائد مقدمات درج کیے جا چکے ہیں جن میں دہشتگردی، قتل، اغوا، ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ شامل ہیں۔ پولیس نے سوشل میڈیا پر فساد پھیلانے والوں کے خلاف بھی کریک ڈاؤن شروع کر رکھا ہے اور متعدد افراد گرفتار ہو چکے ہیں۔
مریدکے میں کی گئی پولیس کارروائی کے دوران مذاکرات ناکام ہوئے، مظاہرین نے پتھراؤ، پیٹرول بم اور تشدد کیا۔ پولیس نے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کا استعمال کیا، مگر مظاہرین نے منظم حملے جاری رکھے۔
تحریک لبیک پاکستان نے ماضی میں بھی کئی احتجاج کیے ہیں، اور اس بار صورتحال مزید پیچیدہ ہے۔ سعد رضوی ابھی فرار ہیں اور حکومت کی جانب سے مزید اقدامات کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جبکہ جماعت نے ’لبیک یا اقصیٰ‘ کے نعرے کو جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔