اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) پیر حق خطیب اور صحافی اقرارالحسن کے درمیان دلائل اور الزامات کی جنگ جاری ہے۔صحافی اقرارالحسن کے حق خطیب نامی پیر سے مناظرے کے درمیان ان کے مریدوں نے موبائل اور کیمرے چھین کر مناظرہ براہ راست نشر کرنے سے روک دیا۔
نجی ٹی وی چینل کے معروف صحافی اقرارالحسن کی پیر آف بلاوڑہ شریف حق خطیب حسین علی بادشاہ سے مناظرہ کرنے ویڈیو سوشل میڈیا ویب سائٹس پر وائرل ہو رہی ہیں۔
ان ویڈیوز میں سے متعدد خود اقرار الحسن نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر جاری کی ہیں جس کے کیپشن میں انہوں نے حق خطیب کے جھوٹ کو بے نقاب کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
اقرارالحسن نے حق خطیب کے آستانے پر جانے سے قبل ایک ویڈیو اپنے یوٹیوب چینل پر جاری کی تھی جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ‘وہ آستانے پر بہت سے بیمار اور معذور افراد کو اپنے ساتھ لے کر جا رہے ہیں تاکہ حق خطیب ایک پھونک سے انہیں اپنے پیروں پر کھڑا کر سکے۔
اقرار الحسن نے ایک پیغام ‘ایکس’ پر جاری کرتے ہوئے یہ بتایا تھا کہ کئی گھنٹے گزر جانے کے باوجود حق خطیب ملنے نہیں آئے ہیں اور اس دوران ان کے مریدوں سے جھڑپ کا سلسلہ جاری ہے۔
اگلی پوسٹ میں اقرار نے بتایا کہ ‘انہیں اور ان کی ٹیم کو یرغمال بنالیا گیا ہے اور موبائل۔ کیمرے چھینتے ہوئے لائیو جانے سے روک دیا ہے’۔
اس کے بعد اقرار نے ایک یوٹیوب ویڈیو لنک شیئر کیا جس میں اقرار الحسن اور ان کی ٹیم کے ساتھ حق خطیب کے مریدوں کی جھڑپ اور حق مرید کے ساتھ مناظرہ شامل ہے۔
مزید پڑھیں: عمران خان کے خط کے باوجود آئی ایم ایف نے اپنا فیصلہ سنا دیا
اقرار الحسن نے لکھا کہ ‘ چار گھنٹے تک یرغمال رہنے کے دوران ہمارا ایک سوال تھا کہ کوئی ایک آیت سُنا دیں جس میں حق خطیب ناکام رہا۔ ختم نبوت کی آڑ میں چھپ کر لوگوں کو اشتعال دلاتا رہا۔ میرے لئے نہیں، دین کی اصل کے لئے اپنا کردار ادا کیجئے ورنہ یہ فتنہ قابو سے باہر ہو جائے گا’۔
اقرار کی جانب سے جاری کی گئیں دیگر ویڈیوز میں حق خطیب کا اقرار الحسن کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ ‘یہ کرامات ہوتی ہیں جیسے دیگر علماء کے پاس بھی تھیں’۔ اسی ویڈیو میں حق خطیب کو دوسرے علماء کے غلط نام لیتے ہوئے بھی سنا جا سکتا ہے۔
ایک اور ویڈیو جاری کرتے ہوئے اقرار الحسن نے لکھا کہ ‘حق خطیب نے شریعت کو ہی ماننے سے انکار کر دیا۔ حق خطیب یہ بھی مان گیا کہ مجھے قرآن پڑھنا نہیں آتا، میں صرف بسم اللہ پڑھ سکتا ہوں۔ جعلی عامل یہ بھی مان گیا کہ میں کوئی ولی نہیں’۔
خیال رہے کہ حق خطیب یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ ان کی پھونک میں شفا ہے اور وہ بیمار اور معذور کو ایک پھونک مار کر ٹھیک کر دیتے ہیں اور اس کے ثبوت میں وہ متعدد ویڈیوز سوشل میڈیا پر جاری کرچکے ہیں۔