اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان ایک بار پھر سوشل میڈیا پر شدید تنقید کی زد میں ہیں، جہاں ان کی ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ اپنی نئی فلم “لو گورو” کی پروموشن کے دوران دعا کی اپیل کرتی نظر آتی ہیں۔ ویڈیو میں ماہرہ خان کہتی ہیں: “دعا کریں کہ ہماری فلم سو کروڑ سے بھی زیادہ کمائے، ہم اجتماعی دعا بھی کریں گے فلم کے لیے۔” ان کے اس جملے پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آیا ہے، اور متعدد افراد نے اسے “دین کا مذاق اڑانے” کے مترادف قرار دیا ہے۔
صارفین کا کہنا ہے کہ فنکاروں نے دین کو تفریح کا ذریعہ بنا لیا ہے، اور جب دنیاوی مقاصد کے لیے اجتماعی دعا کی بات کی جائے تو یہ سنجیدہ دینی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے مترادف ہے۔ کچھ صارفین نے لکھا کہ ان فنکاروں کو دین اور عبادت کی اہمیت کا اندازہ نہیں، اور وہ صرف اپنی فلموں کی کامیابی کے لیے مذہبی الفاظ کا سہارا لیتے ہیں، جو کہ افسوسناک ہے۔
دوسری جانب ماہرہ خان کے مداحوں کی جانب سے بھی کچھ دفاعی بیانات سامنے آئے ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ ان کی نیت کو غلط رنگ نہ دیا جائے اور ممکن ہے انہوں نے یہ بات ہلکے پھلکے انداز میں کہی ہو۔ تاہم مجموعی طور پر سوشل میڈیا پر ماہرہ خان کو تنقید کا سامنا ہے اور ان سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ وہ اپنے الفاظ اور دینی حوالوں کے استعمال میں احتیاط برتیں۔
مزید پڑھیں: ٹک ٹاکرز نوجوان نسل کی تباہی کا سبب بن رہے ہیں، ملک فہیم کھوکھر کی تنقید