جمعه,  15  اگست 2025ء
مون سون بارشوں سے اسپتال میں سیلابی صورتحال، نکاسی آب کا نظام پھر ناکام، عوام برہم

لاہور(روشن پاکستان نیوز) سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں پنجاب کے ایک سرکاری اسپتال کی حالت دیکھ کر شہریوں میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اسپتال کے اندر سیلاب کی طرح پانی جمع ہے، مریض اور ان کے تیماردار شدید پریشانی کا شکار ہیں جبکہ طبی عملہ بھی مشکلات میں گھرا ہوا ہے۔

پنجاب سمیت پورے ملک میں مون سون کی بارشوں کا آغاز ہو چکا ہے، مگر بدقسمتی سے نکاسی آب کے ناقص نظام نے ایک بار پھر انتظامی دعووں کی قلعی کھول دی ہے۔ لاہور جیسے بڑے شہر میں معمولی بارش بھی گلیوں، سڑکوں اور یہاں تک کہ اسپتالوں کو ندی نالوں میں تبدیل کر دیتی ہے۔ شہری یہ سوال اٹھا رہے ہیں کہ ہر سال مون سون آتا ہے، تو حکومت پیشگی انتظامات کیوں نہیں کرتی؟ کیا ہر بار عوام کو انہی حالات کا سامنا کرنا پڑے گا؟

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صاف ستھرا اور ترقی یافتہ پنجاب بنانے کے بڑے بڑے دعوے کیے تھے، لیکن زمینی حقائق اس کے برعکس نظر آ رہے ہیں۔ بارش کے دوران لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، ملتان اور دیگر شہروں میں کئی اہم شاہراہیں پانی میں ڈوب گئیں، اسپتالوں، اسکولوں اور دفاتر میں بھی معمولات زندگی درہم برہم ہو کر رہ گئے۔

مزید پڑھیں: سابق وزیراعلیٰ پنجاب کی ’لینڈ کروزر میں بیٹھ کر‘ نماز جنازہ پڑھنے کی ویڈیو وائرل

ماہرین کا کہنا ہے کہ جب تک نکاسی آب کے نظام کو جدید خطوط پر استوار نہیں کیا جاتا اور ہر سال برسات سے قبل مؤثر اقدامات نہیں کیے جاتے، تب تک شہریوں کو ایسی مشکلات کا سامنا رہے گا۔ عوام کا مطالبہ ہے کہ حکومت سیاسی بیانات اور نمائشی اقدامات سے ہٹ کر عملی طور پر کام کرے تاکہ ہر سال بارش کے بعد پیدا ہونے والے بحران سے بچا جا سکے۔

مزید خبریں