وقار نسیم وامقٓ
پاکستان میں برین ڈرین سے متعلق اکثر کہا جاتا ہے کہ ملکی حالات کے پیشِ نظر پاکستان سے برین ڈرین ہو رہا ہے اور اس کے ذمہ دار موجودہ حکمران ہیں، اس بیانیہ سے متعلق تیزی عمران خان کی حکومت کے خاتمہ کے بعد ان کے حامیوں کی جانب سے سامنے آئی۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے دعویٰ کر رکھا تھا کہ وہ ملک کی تقدیر بدل دیں گے، غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے خواہش کریں گے، اوورسیز پاکستانی بڑی تعداد میں وطن واپس آئیں گے اور ہاں وہ ایک کروڑ نوجوانوں کو نوکریاں بھی دیں گے۔
لیکن قارئینِ کرام، سابق وزیراعظم عمران خان کے دورِ حکومت میں ایسا کچھ بھی نہ ہوسکا بلکہ ان کے دورِ حکومت کے آخری ایام میں ان کی جانب سے ایک نیا بیانیہ سامنے آیا کہ “آپ نے گھبرانا نہیں ہے”، اور ہمارے پرعزم نوجوانوں نے یہ ثابت کر دکھایا کہ وہ واقعی گھبرانے والے نہیں تھے۔
سابق وزیراعظم عمران خان کے اعداد و شمار کے مطابق وہ شاید ایک کروڑ کے لگ بھگ نوجوان ضرور تھے جنہیں نوکری پر لگانے کا عزم انہوں نے کر رکھا تھا لیکن وہ عزم کس یوٹرن پر کس جانب مڑ گیا کسی کو خبر نہ ہوسکی لیکن اب ان کے حامیوں نے یہ عقدہ بھی حل کر دیا ہے شاید یہ وہی ایک کروڑ کے لگ بھگ نوجوان ہیں جنہیں سابق وزیراعظم عمران خان کے دورِ حکومت میں نوکریاں نہ مل سکیں اور اب ان کے برین ڈرین ہو رہے ہیں۔
ہمیں توقع ہے کہ یہ برین ڈرین بیرون ممالک میں اپنے متعلقہ شعبوں میں کامیاب ہونگے اور اپنے پیشرو اوورسیز پاکستانیوں کی طرح وطنِ عزیز پاکستان کا نام روشن کرینگے اور زرمبادلہ کی صورت میں پاکستان کی معیشت کو مستحکم بنائیں گے جبکہ دوسری جانب پاکستان میں برین گین کی ممکنہ صورت میں ریورس برین ڈرین ممکن ہو پائے گا جس کے لئے موجودہ حکمرانوں کو بہترین حکمتِ عملی کو اپنا کر موئثر اقدامات کرنے ہونگے۔