سرگودھا(روشن پاکستان نیوز)سرگودھا میں تشدد سے طالبعلم کی ہلاکت کے کیس میں سکول ٹیچر کو گرفتار کر لیاگیا،تھانہ مڈھ رانجھا پولیس نے نجی سکول کے ٹیچر فہد خرم کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق دوروز قبل ٹیچر نے سمیع اللہ کو سبق یاد نہ کرنے پر تشدد کا نشانہ بنایا تھا، طالب علم سمیع اللہ کو لاٹھی سے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا،ریڑھ کی ہڈی متاثر ہونے پر طالبعلم کو پہلے سرگودھا بعد میں فیصل آباد الائیڈ ہسپتال منتقل کیا گیا۔
دو روز تک زندگی اور موت کی کشمکش میں رہنے کے بعد طالبعلم الائیڈ اسپتال فیصل آباد میں دم توڑ گیا تھا ۔ پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والا طالب علم سکول کے ہاسٹل میں ہی رہائش پذیر تھا ، وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے طالبعلم کی ہلاکت کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس پنجاب کو ملزم کی فوری گرفتاری کا حکم دیا تھا جس پر آر پی او شارق کمال صدیقی اور ڈی پی او فیصل کامران کی ہدایت پر ملزم فہد خرم کو مڈھ رانجھا کے علاقہ سے گرفتار کرلیا گیا ، پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم سے تفتیش جاری ہے ۔











