گوجرانوالہ (دلشاد علی)فلپائن کی سفیر و آسیان ممالک بزنس فورم کمیٹی کی چیئرمین ماریہ ایگنس نے وفد کے ہمراہ گوجرانوالہ چیمبرآف کامرس کا دورہ کیا۔وفد میں ساتھ ممالک کے سفیر جن میں ملائشیا،تھائی لینڈ،ویت نام،انڈونیشیا،برونائی اور میانمار سمیت کمرشل کونصلر شامل تھے۔اجلاس کی صدارت گوجرانوالہ چیمبر کے صدر ضیاء الحق (شیخ فیصل ایوب) نے کی۔اس موقع پر سینئرنائب صدر حمیس گلزار مغل،نائب صدر عادل ندیم،اراکین مجلس عاملہ،سابق صدور اخلا ق احمد بٹ،محمد سعید تاج،سابق سینئرنائب صدور عرفان سہیل،محمد اجمل اعوان،سابق نائب صدور عرفان یعقوب بٹ،شیخ قیصر امین کے علاوہ ممتاز کاروباری شخصیات بھی موجود تھیں۔
وفد کی قیادت کرتے ہوئے ماریہ ایگنس نے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ آسیان ممالک کے سفیروں کے ساتھ گوجرانوالہ چیمبر کا دورہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے وفد کے ہمراہ آنے کا مقصد صرف یہی ہے کہ ایک ہی پلیٹ فارم پر معلومات کا تبادلہ کر کے گوجرانوالہ سے آسیان ممالک تک ایکسپورٹ کو فروغ دیا جا سکے۔ آج میرا دوسرا دورہ ہے یہاں کی مصنوعات پوری دنیا میں اپنی الگ پہچان کیوں رکھتی ہیں اس بات انداز ہ گوجرانوالہ کی مختلف انڈسٹریوں کا وزٹ کرنے پر ہوا۔امید ہے میرے ساتھ آئے وفد نے بھی گوجرانوالہ کی مصنوعات میں دلچسپی ظاہر کی ہے،یہاں کے ہنرمندوں کی کاریگری کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔یہاں کی مصنوعات میں بہت پوٹنشل ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ جدید طریقوں کی مدد سے پہلے سے زیادہ ان مصنوعات کی آسیان ممالک میں تشہیر کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ فلپائن میں مارچ اور اکتوبر میں بڑے پیمانے پر صنعتی نمائشوں کا انعقا د کیا جاتا ہے میری خواہش ہے کہ گوجرانوالہ کی انڈسٹری ان نمائشوں میں حصہ لے۔بعد ازاں مختلف سفیروں نے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے گوجرانوالہ چیمبر کے دورہ کے انتہائی مثبت قرار دیا ہے او رمشترکہ طور پر اس بات پر زور دیا کہ ہم سب کو مل کر تجارت کے فروغ کیلئے اقدامات اٹھانے ہونگے جس کیلئے تجاورتی وفود کے تبادلہ بہترین رہے گا۔
مزیدپڑھیں:صدارتی الیکشن، کل ریڈ زون میں سیکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی
قبل ازیں گوجرانوالہ چیمبر کے صدرشیخ ضیاء الحق (شیخ فیصل ایوب) نے سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ گوجرانوالہ چیمبر کی تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ آسیان ممالک کے سفیرایک ساتھ تشریف لائے۔بلاشبہ ان کی آمد سے نہ صرف تجارت کو فروغ ملے گا بلکہ پاکستان کی معیشت کو مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے وفد سے کہا کہ وہ بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کو ترجیح دیں کیونکہ وہاں کے کاروباری لوگوں کے لئے بھی یہاں بے شمار مواقع موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تجارتی وفود کے تبادلہ کیلئے آسیاں ممالک کے سفارتخانہ ہمارے کاروباری لوگوں کو آسان شرائط پر بزنس ویزہ جاری کر یں تجارتی وفود کے تبادلے ہوں تاکہ دوطرفہ سرمایہ کاری کو فروغ مل سکے۔انہوں نے کہا کہ فلپائن میں مارچ اور اکتوبر میں جو صنعتی نمائشوں کا انعقاد کیا جاتا ہے ایمبیسی ہمیں اس کے متعلق آگاہی فراہم کریں گوجرانوالہ کے کاروباری باری لوگ ان نمائشوں میں ضرورحصہ لیں گے۔











