اتوار,  17 مئی 2026ء
ریٹائر ہونے والے ملازمین کے اعزاز میں گیپکو ہیڈ کوارٹر میں تقریب منعقد

گوجرانوالہ(دلشادعلی )گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو) کے ریٹائر ہونے والے ملازمین کے اعزاز میں گیپکو ہیڈ کوارٹر میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب کے دوران چیف انجینئر آپریشن امتیاز احمد چیمہ و دیگرنے مدّت ملازمت پوری کر کے ریٹائر ہونے والے52ملازمین کو اُن کے واجبات کے چیک دیئے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف انجینئر امتیاز احمد چیمہ نے کہا ہے کہ عمر بھر اپنا خون پسینہ دے کر گیپکو کو نمبر ون کمپنی بنانے والے ریٹائرڈ ملازمین محکمہ کیلئے تاحیات باعثِ عزت ہیں،نوکری سے ریٹائرمنٹ ملازمت کا حصہ ہے مگر ہمارے دروازے ان کیلئے ہمیشہ کھلے ہیں۔

انہوں نے ریٹائر ہونے والے ملازمین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ریٹائر ہوئے ہیں لیکن آپ کا محکمہ کے ساتھ تعلق ہر گز نہیں ٹوٹا آپ جب چاہیں یا آپ کو کوئی مسئلہ ہو بلا جھجھک ہمارے پاس آئیں آپ کی خدمت کرنا ہمارے لئے باعث ِ فخر ہوگا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دیگر مقررین نے اپنے خطاب کے دوران ریٹائر ملازمین کو باعزت طریقہ سے واجبات کی ادائیگی کی شاندار روایت پر گیپکو انتظامیہ کو بھرپور انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا۔

مزیدپڑھیں:صدارتی الیکشن، کل ریڈ زون میں سیکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی

انہوں نے کہا کہ باعزت ریٹائرمنٹ ہر ملازم کا خواب ہے اوروہ لوگ نہایت خوش نصیب ہوتے ہیں جنہیں پورے اعزاز کے ساتھ محکمہ سے رخصت کیا جا تا ہے۔تقریب کے اختتام پر مدّت ملازمت پوری کر کے گیپکو سے ریٹائر ہونے والے گیپکو ملازمین کو اُن کے واجبات کے چیک دیئے گئے۔

تقریب سے ڈائریکٹر جنرل ایچ آر اینڈ ایڈمن جلیل الرحمن،مینجر ایچ آرمحمد ذیشان ستار، مینجر ایڈمن محمد اظہر یعقوب، ڈپٹی مینجرپبلک ریلیشنزمحمد جہانگیر رانا، اسسٹنٹ مینجر ایڈمن طارق بشیر، واپڈا ہائیڈرو یونین کے ریجنل چیئرمین ولی الرحمن خاں،یونین عہدیدران طارق علی جاوید، اصغر علی سمیت گیپکو افسران، یونین عہدیدران و ملازمین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

مزید خبریں