اتوار,  21  ستمبر 2025ء
بھارتی وزیراعظم مودی کے دورے کیخلاف مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال

مظفرآباد (روشن پاکستان نیوز)بھارتی وزیراعظم نریندرہ مودی کے مقبوضہ کشمیر دورے کیخلاف آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں پاسبان حریت کے زیر اہتمام شہریوں نے ٹائر جلا کر شدید احتجاج کیا ، سیاہ جھنڈے لہراتے ہوئے کشمیری مظاہرین نے بھارتی وزیراعظم نریندرہ مودی کے دورے کیخلاف شدید نعرے بازی کی ۔

کشمیری مظاہرین “قاتل قاتل مودی قاتل” “جس کشمیر کو خون سے سینچا وہ کشمیر ہمارا ہے” “بھارتیو غاصبو جموں کشمیر چھوڑ دو” “خون رنگ لائے گا انقلاب آئے گا” “یہ جنگ ہے جنگ آزادی” “بھارت سے لیں گے آزادی” کے پرجوش نعرے لگا رہے تھے۔ مظاہرین نے بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر بھارتی دہشت گردی اور مودی کے جنگی جرائم کے حوالے سے جملے درج تھے۔ سینٹرل پریس کلب کے سامنے منعقد ہوئے احتجاجی دھرنے اور ریلی کی قیادت چیئرمین پاسبان حریت عزیراحمدغزالی ، عثمان علی ہاشم ، پیپلز پارٹی کے رہنما شوکت جاوید میر ، جماعت اسلامی کے راہنما راجہ آفتاب احمد خان ، ڈائریکٹر کشمیر لبریشن سیل راجہ محمد سجاد لطیف خان، تاجر راہنما سردار عبدالرزاق خان ، خالد محمود زیدی ، ڈاکٹر محمد منظور ، اقبال یاسین ، محمد اسحاق شاہین ، محمد اسلم انقلابی ، محمد ریاض اعوان ، فیصل فاروق شیخ ، محمد فیاض خان ، ندیم ابرہیم ، مہاجرین راہنماؤں چوہدری محمد اسماعیل ، راجہ زخیر خان ، چوہدری محمد مشتاق ، محمد الطاف منہاس، اشفاق السلام قریشی ، حامد جمیل کشمیری اور دیگر راہنما کررہے تھے۔

بھارتی وزیراعظم کے دورے سرینگر کے خلاف احتجاج کررہے مظاہرین نے کہا کہ نریندرہ مودی ہزاروں فوجیوں کے کڑے پہرے میں سرینگر کا دورہ کرکے خود کو کشمیر کا حکمران ثابت نہیں کرسکتے۔ نریندرہ مودی دورے سے مسئلہ کشمیر کی مسلمہ متنازعہ عالمی حیثیت کو تبدیل نہیں کرسکتے ۔ آج وادیِ کشمیر کے آزادی پسند عوام نے نریندرہ مودی کے دورے ، ہندوتوا ایجنڈے کو کلی طور پر مسترد کردیا ہے۔

جموں کشمیر کے عوام بھارتی جبری فوجی حاکمیت سے بیزاری اور آزادی کا اعلان کررہے ہیں ۔ مقررین نے کہا کہ بھارت مقبوضہ ریاست میں ایک قابض ، ظالم ، جارح اور دہشت گرد کی حیثیت سے موجود ہے ۔ جہاں اس تمام تر سامراجی ، چانکیائی حربوں اور سازشیں ناکام ہوگئی ہیں۔ مقررین نے کہا کہ یہ وہی نریندر مودی ہیں جنہوں نے 5 اگست 2019 کو بھارتی لوک سبھا سے بدترین اقدامات کے ذریعے کشمیری عوام سے انکی ریاست ، شناخت اور وطن چھینا ہے مودی نے ہی 11 دسمبر 2023 کو بھارتی سپریم کورٹ کو اپنے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرتے ہوئے کشمیر کے حوالے سے انتہائی متنازعہ ، جانبدار اور کشمیر دشمن فیصلے حاصل کیئے ۔ مقررین نے کہا کہ بھارت یہ جان لے کشمیری عوام اپنے لاکھوں شہداء کے مقدس لہو کی ایک ایک قطرے کی حفاظت کریں گے ۔

جے یو آئی کا الیکشن دھاندلی کیخلاف تحریک تیز کرنے کا مشن 

بھارتی جبر ، دہشت گردی اور قبضے کو تا حصول آزادی جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندرہ مودی سرینگر دورے کے دوران ، نام نہاد ترقیاتی پیکجز ، سڑکوں اور ریل منصوبوں سے اپنے فوجی قبضے کو مضبوط کرنے کی کوشش کررہا ہے ۔ بھارت کے سازشی حکمران کشمیر کو ایک جیل اور قتل گاہ میں تبدیل کرکے دوروں کے زریعے کشمیری عوام کو فریب دینے کی ناکام کوشش کررہے ہیں ۔

مقررین نے کہا کہ بھارت جان لے کہ آزاد کشمیر کے چوالیس لاکھ عوام مقبوضہ کشمیر کے اپنے بہن ، بھائیوں اور بزرگوں پر ظلم و تشدد کو برداشت نہیں کریں گے۔ وہ وقت قریب ہے کہ جب بھارتی استعمار کے خلاف بھرپور عوامی مزاحمت کا سامنا بھارت کو کرنا پڑے گا۔

اہنماؤں کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ریاست کے عوام سے حق خودارادیت کے وعدوں کو پورا کریں۔ مودی کے دورے کیخلاف احتجاج کررہے مظاہرین نے سینٹرل پریس کلب سے برہان وانی شہید چوک تک ریلی نکالی

مزید خبریں