پیر,  16 نومبر 2026ء
عمران خان کا عدلیہ کو خط جھوٹ اور حقائق کے منافی ہے: طارق فضل چوہدری

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) وفاقی وزیرِ برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے عدلیہ کو لکھے گئے خط کو جھوٹ اور حقائق کے منافی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں جیل میں وہ تمام سہولیات حاصل ہیں جو ملک بھر میں کسی بھی دوسرے قیدی کو میسر نہیں ہیں۔

خبر رساں ادارے کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ ماضی میں دوسروں کو این آر او کا طعنہ دینے والے آج خود این آر او مانگ رہے ہیں، تاہم بانی پی ٹی آئی کو ریلیف صرف عدالتوں ہی سے مل سکتا ہے۔ انہوں نے طبی سہولیات کی عدم فراہمی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے مچایا جانے والا شور محض جھوٹ ہے، کیونکہ ماہر ڈاکٹرز باقاعدگی سے عمران خان کا معائنہ کرتے ہیں، انہیں آٹھ مرتبہ جیل سے باہر ماہر ڈاکٹروں کو دکھایا گیا جبکہ ان کے چیک اپ کے لیے بیرونِ ملک سے بھی ڈاکٹر منگوا کر معائنہ کرایا گیا۔ وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ خط میں بائیس گھنٹے کی قیدِ تنہائی، کتابیں اور ٹی وی نہ ہونے سمیت دیگر تمام الزامات بے بنیاد ہیں اور انہیں جیل میں وہی خوراک فراہم کی جاتی ہے جو انہیں پسند ہوتی ہے۔

’’مجھے انصاف دیں، اس سے پہلے کہ تاخیر ہو جائے‘‘ عمران خان کا چیف جسٹس کو خط

خبر رساں ادارے کے مطابق ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے واضح کیا کہ عمران خان کسی سیاسی انتقام کے نتیجے میں قید نہیں ہیں بلکہ وہ 190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیس میں سزا پانے کی وجہ سے جیل میں ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ یہ رقم پاکستان کے قومی خزانے میں آنی تھی جسے ملک ریاض کے اکاؤنٹ میں بھیجا گیا اور اس کے بدلے میں ملک ریاض نے ساڑھے چار سو کنال زمین تحفے میں دی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ کرپشن کا ایک ’اوپن اینڈ شٹ کیس‘ ہے جس کے تحت عدالتی سزا کے باعث وہ جیل میں ہیں، اس لیے جیل انتظامیہ یا حکومت پر عائد کیے جانے والے الزامات میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

مزید خبریں