لاہور(روشن پاکستان نیوز) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ نظام بدلنے کیلئے جماعت اسلامی کے علاوہ دوسرا کوئی آپشن نہیں۔
حافظ نعیم الرحمان کا لاہور میں جماعت اسلامی کے ’کل پنجاب اجتماعِ ذمہ داران‘ سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ امریکا میں صدارت کا انتخاب بھی سرمایہ کاری سے ہوتا ہے، امریکا میں کھرب پتی افراد پیسے سے اپنی مرضی کا صدر منتخب کرتے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ مریم نواز نے 15ہزار اسکول آؤٹ سورس کرکے تعلیم کا بیڑا غرق کر دیا ہے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات کے لیے ہر طرح سے تیار رہیں ‘ پنجاب میں ہر یو سی سے امیدوار لائیں گے۔
پنجاب کی آبادی پاکستان کی مجموعی آبادی کے نصف سے زیادہ ہے اور اگر پنجاب جاگ جائے تو ملک بھر میں تبدیلی کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔
عدل و انصاف پر مبنی نظام قائم کرنا جماعت اسلامی کی ذمہ داری ہے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ جماعت اسلامی پنجاب میں ایک بڑی سیاسی جماعت بن کر سامنے آئے۔
امریکی مڈٹرم الیکشن: ٹرمپ کی جماعت کو شکست، ڈیموکریٹس نے دونوں ایوانوں میں مطلوبہ اکثریت حاصل کرلی
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں جو سیاسی جماعت اپنی جگہ بنا لیتی ہے، ملک بھر میں اسی کی سیاست کا اثر نظر آتا ہے۔ ان کے بقول جماعت اسلامی بہت جلد ملک بھر میں ایک بڑی پارلیمانی قوت بنے گی۔
حافظ نعیم نے موجودہ سیاسی، سماجی اور معاشی نظام پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ چند ہاتھوں میں یرغمال ہے اور طاقتور افراد اس میں سیاسی انجینئرنگ کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کبھی آر ٹی ایس بٹھایا جاتا ہے اور کبھی فارم 47 کے ذریعے عوام پر حکومتیں مسلط کی جاتی ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ سیاسی جماعتوں کے درمیان لڑائی عوام کے مفاد کے لیے نہیں بلکہ ذاتی مفادات کے لیے ہوتی ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ برصغیر کی سیاست میں کلٹ، جاگیرداری اور سرمایہ دارانہ نظام کا اثر موجود ہے۔ ان کے مطابق اسٹیبلشمنٹ گزشتہ 80 برس سے اپنے زیرِ اثر جماعتوں کو قوم پر مسلط کرتی رہی ہے اور الیکٹیبلز کو مختلف سیاسی جماعتوں میں شامل کرانے کے لیے کردار ادا کرتی ہے۔











