راولپنڈی(سعد عباسی) سی پی او راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا نے ٹرائی نیشن سیریز کے سلسلے میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے میچ کے لیے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کا جائزہ لیا اور افسران کو فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔
سی پی او حسن مشتاق سکھیرا نے سکیورٹی کے تمام مقامات پر تعینات اہلکاروں کی ڈیوٹیاں چیک کیں۔ اس موقع پر ایس پی راول، ایس پی پوٹھوہار اور دیگر افسران نے انہیں سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔
راولپنڈی پولیس کے مطابق میچ کے دوران سکیورٹی اور ٹریفک کے فرائض انجام دینے کے لیے تقریباً 6 ہزار پولیس افسران و اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ اسٹیڈیم کی چھتوں پر سنائپرز بھی تعینات ہیں۔
فیفا آسیان کپ: پاکستان نےفلپائن کیخلاف میچ 2-2 سے برابرکرکے اپنا پہلا پوائنٹ حاصل کرلیا
سکیورٹی انتظامات کی نگرانی کے لیے سیف سٹی اور دیگر سی سی ٹی وی کیمروں کا استعمال کیا جا رہا ہے، جبکہ ایک خصوصی کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے۔ اسٹیڈیم کے اطراف اور گردونواح میں تھانوں کی موبائل ٹیمیں، ایلیٹ فورس اور ڈولفن اسکواڈز مسلسل گشت کر رہے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق شہریوں کی سہولت کے لیے مؤثر ٹریفک انتظامات کیے گئے ہیں اور میچ کے دوران سکیورٹی و ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات یقینی بنائے جا رہے ہیں۔











